رات کے تیسرے پہر اپنے کمرے میں جائے نماز پر بیٹھی وہ لڑکی

رات کے تیسرے پہر اپنے کمرے میں جائے نماز پر بیٹھی وہ لڑکی اپنے رب کو اپنے درد بتا رہی تھی، وہ درد جسے وہ ساری دنیا سے چھپا کر رکھتی ہے۔ سارا دن خوش ہونے کا دکھاوا کرتی ہے مگر رات کے اس پہر وہ ہی درد دکھاوے کی چوکھٹ پار کرکے اللّٰہ اور اسکے درمیان ہمکلام ہونے کا باعث بنتے ہیں۔
اللّٰہ تعالیٰ دیکھیں نا زندگی کتنی مشکل ہورہی ہے۔
خواب ایک ایک کرکے ٹوٹتے جارہے ہیں۔
میرے خوابوں کو سنبھال لیں اللّٰہ تعالیٰ۔ وہ رب سے فریاد کر رہی تھی۔ ایسے جیسے ایک چھوٹا بچہ اپنا کھلونا گم ہوجانے پر اپنی ماں سے اپنے دکھ شئیر کرتا ہے۔ ویسے ہی وہ رب کو بتا جر پرسکون ہونا چاہتی تھی۔ رب سے باتیں کرتی وہ لڑکی اس وقت دنیا سے الگ تھلگ لگ رہی تھی۔
میں خوابوں کے ٹوٹنے پر روئی ہوں اللّٰہ تعالیٰ۔ مگر ان خوابوں کی کرچیاں میں نے خود سمیٹی ہیں۔ میرے ہاتھ لہو لہان تھے ان کرچیوں سے پر میں نے صبر کیا۔ اللّٰہ تعالیٰ آپ کہتے ہیں کہ صبر کرنے والوں کو خوشخبری سنا دو۔تو اللّٰہ تعالیٰ میرے حصے کی خوشی میں اتنی دیر کیوں؟ میں نے کسی کا برا نہیں چاہا تو لوگوں نے میرے ساتھ برا کیوں کیا؟ یہ دنیا کا کہاں کا اصول ہے کہ اچھے لوگوں کو پاؤں کی مٹی سمجھ لو۔
میرے مزید خواب ٹوٹنے سے بچا لیں اللّٰہ تعالیٰ۔ میری آزمائش کو میری سزا مت بنائیں۔ میں ہار جاؤں گی۔ مجھے حضرت یعقوب علیہ السلام جیسا صبر دے دیں یا پھر میری بےبسی کو دیکھ لیں! مجھے اکیلا مت کریں۔ مجھے لوگوں نے چھوڑا مجھے آپ مت چھوڑیں۔ آپ نے بھی چھوڑ دیا تو میں کہاں جاؤں گی؟ میرا اپکے سوا کوئی دوست نہیں!
ہر رات رب کے سامنے دل کا بوجھ ہلکا کرتے اسے لگتا تھا جیسے رب اسکی باتوں کا جواب دے رہا ہے اسے کہہ رہا ہے کہ پریشان نہ ہو میں سب سنبھال لوں گا۔ مایوس مت ہو میری بندی معجزے کا وقت قریب ہے۔
کبھی کبھی اس کا دل معجزے کی آس میں ہرا بھرا ہوجاتا اس کا ایمان بڑھا دیتا۔ اور کبھی اسے لگتا کہ معجزے ہم عام انسانوں کے لیے کہاں ہوا کرتے ہیں۔ مگر اسے مایوسی کو ہرانا تھا۔ رب کی تسلی پر وہ چپکے سے آنکھیں موند لیتی۔ اسے یقین کامل بنانا تھا۔ زندگی کو ایک نئے انداز سے گزارنا تھا جہاں وہ سب کے درد سن کر ان کے درد میں ساتھی بن جاتی اور رات ہوتے ہی اپنے درد اپنے رب سے بیان کرتی۔ کبھی ٹوٹ جاتی اور کبھی یقین کی دولت سے مالامال۔ پر اسکی پکار پر یقین رکھتی۔ ہر حالت میں اپنے رب کو اپنے ساتھ رکھتی۔ وہ اس مایوس دور میں یقین رکھنے والوں کے لیے ایک پیغام بننا چاہتی تھی۔
گوگل پلس پر شئیر کریں

ہمارے بارے میں

دنیا کی سب سے بڑی اردو ویب سائٹ، اردو خبریں، اردو شاعری، اردو کہانیاں، اسلامی کہانیاں، اخلاقی کہانیاں، قسط وار کہانیاں، خوفناک کہانیاں، اردو ناول، ٹیکنالوجی، کاروبار، کھیل، صحت، اسلام، ادب، اسلامی نام، اسلامی مضامین۔ سبلائم گیٹ ایک بہترین ویب بلاگ ہے اور آپ یہاں اپنی من پسند تحریریں پڑھ سکتے ہیں
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 کمنٹس:

ایک تبصرہ شائع کریں