حضرت ایّوبؑ کے واقعات ۔ معجزات


حضرت ایّوبؑ کو اللہ تعالیٰ نے بہت مال و دولت، زمین و جائیداد، مویشی، غلام اور اولاد عطا فرمائی تھی۔ آپکے سات بیٹے اور سات بیٹیاں تھیں۔ پھر جب آپؑ کو آزمائش
میں مبتلا کیا، تو یہ سب چیزیں واپس لے لیں اور آپکی اولاد بھی انتقال کرگئ۔

(آزمائش ختم ہونے پر اتنی ہی اولاد دوبارہ عطاہوئی) آپؑ کو طرح طرح کی بیماریاں لاحق ہوگئیں اور کوئی عضو صحیح سالم باقی نہ رہا، سوائے دِل اور زبان کے۔ ان تمام مصیبتوں، مشکلات اور بیماریوں کے باوجود، آپؑ نہایت صابر و شاکر رہتے اور دن و رات اُس کا ذکر کرتے رہتے۔ آپؑکے پورے جسم پر بڑے بڑے پھوڑے ہوگئے، جن میں کیڑے پڑگئے تھے۔ کوئی ساتھ نہ بیٹھتا تھا، دوست احباب بھی وحشت کرتے تھے ،حتیٰ کہ آپؑ کو شہر سے باہر ایک کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پر ڈال دیا گیا۔

لوگوں کا آپؑ سے ملنا جلنا بند ہوگیا اور کوئی بھی غم خوار نہ رہا، سوائے بیوی کے، جو اُن کا بے حد خیال رکھتیں اور اُن کی خدمت میں لگی رہتیں .سعدیؒ فرماتے ہیں کہ حضرت ایّوبؑ کا گوشت تک جسم سے جَھڑ چُکا تھا، صرف ہڈّیاں اور پٹّھے باقی رہ گئے تھے۔ بیوی باریک ریت لے کر آتیں اور اُن کے نیچے بچھاتیں تاکہ جسم کو تکلیف نہ ہو۔ پھر جب بیوی کو خدمت کرتے طویل زمانہ گزر گیا، تو ایک مرتبہ حضرت ایّوبؑ سے کہا’’ اگر آپؑ اپنےپروردگار سے دُعا کریں، تو وہ آپؑ کو ان مصائب سے رہائی عطا فرمائے گا‘‘، اس پر آپؑ نے حیرت انگیز جواب دیا کہ’’ مَیں ستّر سال تک صحیح سالم رہا، تو کم از کم اللہ کے لیے ستّر سال تو صبر کر لوں۔‘‘ یہ سُن کر بیوی خاموش ہوگئیں اور خدمت جاری رکھی۔

حضرت مجاہدؒ سے مروی ہے کہ حضرت ایّوبؑ پہلے انسان ہیں، جنھیں چیچک اور دیگر جِلدی بیماریاں ہوئیں۔ ابنِ جریر اور ابنِ ابی حاتمؒ نے فرمایا کہ حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا’’لوگوں میں شدید ترین آزمائشیں انبیاء علیہم السّلام پر آئی ہیں‘‘ اور فرمایا کہ’’ آدمی آزمائش میں اپنے دین کےبہ قدر مبتلا ہوتا ہے، لہٰذا اگر وہ اپنے دین میں مضبوط ہوگا، تو اُس کی آزمائش بھی زیادہ ہوگی۔‘‘ (قصص الانبیاء۔ ابنِ کثیر) ابن ابی حاتمؒ فرماتے ہیں کہ عبید بن عمیر سے مروی ہے کہ حضرت ایّوبؑ کے دو بھائی تھے۔

ایک دن آپؑ سے ملنے آئے، تو بُو کی وجہ سے قریب نہ آ سکے اور دُورکھڑے ہوگئے۔ پھر ایک دُوسرے سے کہا کہ’’ اگر اللہ تعالیٰ، ایّوبؑ میں کوئی بھلائی یا خیر جانتا، تو اسے اس طرح تکلیف میں مبتلا نہ کرتا۔‘‘ اس بات سے حضرت ایّوبؑ اس قدر غم زدہ ہوئے کہ کبھی کسی بات سے اتنی تکلیف نہ ہوئی ہوگی۔ آپؑ نے فوراً بارگاہِ ربّ العزّت میں دُعا کے لیے ہاتھ بلند کیے۔ قرآنِ پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ’’ جب اُنہوں نے اپنے پروردگار سے دُعا کی کہ’’ مجھے ایذا ہو رہی ہے اور تُو سب سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے‘‘، تو ہم نے اُن کی دُعا قبول کرلی اور اُنہیں جو تکلیف تھی، وہ دُور کر دی اور اُن کو بال بچّے بھی عطا فرمائے اور اپنی مہربانی سے اُن کے ساتھ اتنے ہی اور (بخشے) اور عبادت کرنے والوں کے لیے نصیحت ہے۔‘‘ (سورۃ الانبیاء 83،84)

قرآن کریم میں ایک اور جگہ ارشاد ہے’’ اور ہمارے بندے ایّوبؑ کو یاد کرو، جب اُنہوں نے اپنے ربّ کو پکارا کہ’’ (اے اللہ) شیطان نے مجھ کو ایذا اور تکلیف دے رکھی ہے۔‘‘ (ہم نے کہا کہ زمین پر) پاؤں مارو (دیکھو) یہ (چشمہ نکل آیا) نہانے کو ٹھنڈا اور پینے کو (شیریں)‘‘۔ (سورۂ ص، 41،42)

حضرت ایوبؑ کی دُعا بارگاہِ الٰہی میں قبول کر لی گئی۔ اُنہوں نے اپنا پاؤں زمین پر مارا، جہاں سے ٹھنڈے اور شیریں پانی کا چشمہ پھوٹ پڑا۔پھر آپؑ نے اپنے کم زور اور لاغر جسم کو گویا اُس چشمے کے پانی پر ڈال دیا.جیسے جیسے جسم پر پانی پڑتا، جسم میں توانائی آتی جاتی۔ آپؑ دیر تک نہاتے رہے، یہاں تک کہ مکمل طور پر صحت مند ہوگئے۔ اُس وقت اُن کی اہلیہ وہاں موجود نہیں تھیں۔ ابنِ ابی حاتم نے فرمایا کہ حضرت ابنِ عبّاسؓ سے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت ایّوبؑ کو جنّت کا جوڑا پہنا دیا تھا، پھر وہ ہَٹ کر ایک طرف بیٹھ گئے، تو اُن کی بیوی تشریف لائیں اور اُنہیں پہچان نہ سکیں۔ اُنھوں نے آپؑ ہی سے پوچھا ’’اے اللہ کے بندے !یہاں ایک آفت زدہ شخص ہوتا تھا، وہ کہاں گیا؟ شاید کہ اُسے کتّے لے گئے ہیں یا بھیڑیے؟‘‘ اور ایک گھڑی یوں ہی بات کی، پھر حضرت ایوبؑ نے فرمایا ’ مَیں ہی ایّوبؑ ہوں۔‘‘ اُنہوں نے عرض کیا ’’اے اللہ کے بندے! آپ مجھ سے مذاق کرتے ہیں؟‘‘ حضرت ایّوبؑ نے کہا’’ مَیں ہی ایّوبؑ ہوں، اللہ نے مجھے میرا جسم لَوٹا دیا ہے۔‘‘

(قصص الانبیاء۔ ابنِ کثیر)

اِن اللہ مع الصابرِین آزمائش و امتحان اور مصائب و آلام پر صبر و شُکر میں، حضرت ایّوبؑ ضرب المثل ہیں۔ اللہ ربّ العزّت نے آپؑ کو صبر و شُکر کا وہ مقام عطا فرمایا کہ رہتی دُنیا تک لوگوں کے لیے’’ صبرِ ایوبؑ‘‘ مشعلِ راہ بن گیا ۔
گوگل پلس پر شئیر کریں

ہمارے بارے میں

دنیا کی سب سے بڑی اردو ویب سائٹ، اردو خبریں، اردو شاعری، اردو کہانیاں، اسلامی کہانیاں، اخلاقی کہانیاں، قسط وار کہانیاں، خوفناک کہانیاں، اردو ناول، ٹیکنالوجی، کاروبار، کھیل، صحت، اسلام، ادب، اسلامی نام، اسلامی مضامین۔ سبلائم گیٹ ایک بہترین ویب بلاگ ہے اور آپ یہاں اپنی من پسند تحریریں پڑھ سکتے ہیں
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 کمنٹس:

ایک تبصرہ شائع کریں