کالا جادو - ایم اے راحت - قسط نمبر 23

قسط وار کہانیاں
کالا جادو - اردو کہانی قسط نمبر 23
رائیٹر :ایم اے راحت

وہ ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہوگیا لیکن میری بہن ہرناوتی نے اپنی ساڑھی کا پلو پھاڑ کر میرے ہی سامنے اس کے ماتھے پر پٹی کسی اور پھر آنکھیں نکال کر مجھ پر کھڑی ہوگئی۔ اس نے کہا کہ مجھے یہ حق کس نے دیا ہے کہ میں اس کے پتی کو اس طرح ٹھوکر ماروں، اس بات پر میں جو کچھ نہ کر ڈالتا کم تھا لیکن عقل سے کام لیا، خون میرا ہی تھا، ہرناوتی کی یہ مجال کبھی نہ ہوئی تھی کہ میری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی بھی ہو جائے لیکن اس سمے وہ جس طرح بات کر رہی تھی وہ چونکا دینے والی بات تھی، میں نے اسے خونی نظروں سے دیکھتے ہوئے پوچھا۔
‎’’یہ تیرا پتی کہاں سے ہوگیا ری کمینی؟‘‘
‎’’تم اسے پاپ کہہ سکتے ہو بھیا جی مگر اب یہ پاپ میں کر چکی ہوں۔‘‘
‎’’کب کیسے…؟‘‘
‎’’ہیرا سے میں بہت پہلے سے پریم کرتی ہوں، ہم دونوں کا پریم پوتر تھا اور جب میں نے ہیرا کو مجبور کیا کہ وہ میرے ساتھ پھیرے کر لے تو میرے مجبور کرنے سے ہیرا بھی مجبور ہوگیا اور اس نے رام مندر میں جا کر پجاری شونارائن کے سامنے اگنی کے گرد میرے ساتھ پھیرے کر لیے اور میں اس کی پتنی بن گئی۔ ہم جانتے تھے مہاراج کہ آپ کو پتا چلے گا تو آپ کا من سلگ اُٹھے گا اس لیے چھپ چھپ کر یہاں ملتے ہیں اور اس سمے کا انتظار کر رہے ہیں جب آپ ہم دونوں کو ساتھ رہنے کی آگیا دے دیں گے۔‘‘
‎’’تو سچ کہہ رہی ہے…؟‘‘
‎’’بھیا جی کی سوگند بالکل سچ…‘‘
‎’’ٹھیک ہے گھر جا بات کروں گا میں تجھ سے پھر۔‘‘ میں نے سمجھ داری سے کام لیتے ہوئے کہا۔ بہن کو بیٹی ہی کی طرح پالا تھا میں نے… ماتا پتا جی تو پہلے ہی مر چکے تھے محبت بھی تھی مجھے اس سے لیکن اپنی اَنا، اپنا مان سب سے پیارا تھا یہ سوچ کر ہی کلیجہ منہ کو آنے لگتا تھا کہ کل کا دن اگر بستی والوں کو یہ بات پتا چلے تو میری کیا عزت رہ جائے گی، کوئی کام تو کرنا تھا ایسا جس سے یہ بات راز میں رہ جائے چاہے اس کے لیے مجھے کتنی ہی انسانی زندگیوں کی قربانی دینی پڑے۔ بہرحال میں نے اپنے ایک خاص آدمی امرناتھ کو اس کام کے لیے آمادہ کیا۔ جب دُوسری رات میں نے امرناتھ کو بلا کر اسے یہ کہانی سنائی تو امرناتھ گردن جھکا کر بولا کہ مہاراج مجھے تو یہ بات پہلے سے معلوم تھی۔ بڑا غصہ آیا مجھے امرناتھ پر اور میں نے غرا کر اس سے کہا۔ ’’کمینے، نمک حرام، اگر تجھے یہ بات معلوم تھی تو مجھ سے کیوں نہ کہا تو نے؟‘‘
‎’’ہمت نہیں پڑی تھی مہاراج، ہمت نہیں پڑی تھی۔‘‘
‎’’اب یہ بتا کہ کیا کیا جائے…؟‘‘
‎’’مہاراج سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہرناوتی جی ہی سب کے سامنے یہ سب کچھ کہنے کو تیار ہیں۔ آپ نے پہلے کبھی غور نہیں کیا مگر میں یہ دیکھ چکا ہوں کہ وہ اس شادی کو چھپانا نہیں چاہتیں اور بڑی ہمت سے سنسار کے سامنے آنے کو تیار ہیں۔‘‘
‎’’نکال دوں گا اسے گھر سے باہر، ٹکڑے ٹکڑے کا محتاج کر دوں گا۔‘‘
‎’’اگر آپ یہ بات ہرناوتی جی سے کہیں گے تو وہ آپ کے چرن چھوئیں گی اور خوشی خوشی گھر سے چلی جائیں گی۔ محبت کی کہانیاں ایسی ہی ہوتی ہیں مہاراج، آپ کو اس سے کوئی خاص کامیابی نہیں حاصل ہوگی۔‘‘
‎’’تو پھر میں کیا کروں امرناتھ، مجھے بتا میں کیا کروں؟‘‘
‎’’میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا مہاراج آپ مجھ سے کہیں بڑا دماغ رکھتے ہیں۔‘‘
‎’’سب نے میرے ساتھ غداری کی ہے۔ ایک ایک کو دیکھ لوں گا میں اور وہ پجاری شونارائن اس نے پھیرے کرا دیئے میری بہن کے ایک نیچ ذات کے ساتھ، جیتا رہ سکے گا وہ؟ پہلے اسی کی زبان بند کروں گا، امرناتھ پہلے میں اسی کی زبان بند کروں گا، جیتا نہیں چھوڑوں گا اسے۔‘‘
‎’’مندر کا معاملہ ذرا دُوسرا ہوتا ہے مہاراج۔ ویسے بھی آپ یہ بات جانتے ہیں کہ دولت مندوں کو اچھی نگاہوں سے نہیں دیکھا جاتا۔ دھونی پور کے لوگ آپ سے زیادہ خوش نہیں ہیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کے اس قدم سے وہ آپ کو نقصان پہنچانے پر تل جائیں۔‘‘
‎’’ایک ایک کو مروا دوں گا، ایک ایک کو ختم کرا دوں گا۔‘‘ میں نے غرا کر کہا۔
‎’’نہیں مہاراج دھونی پور کے ساروں کو آپ نہیں مار سکتے۔ آپ کو کچھ اور ہی سوچنا ہوگا۔‘‘ امرناتھ کی بات سمجھ میں آنے والی تھی۔ میں سوچتا رہا پھر میں نے کچھ فیصلے کر لیے، میں نے کہا۔ ’’تو یہ کام خاموشی ہی سے کرنا ہوگا امرناتھ اور تجھے میرا ساتھ دینا پڑے گا، اتنی دولت دوں گا تجھے کہ جاگیردار بن کر جیون بسر کرے گا۔ میری عزت بچانا اس وقت تیرا بھی کام ہے۔‘‘
‎’’امرناتھ اپنی جان دینے کو تیار ہے مہاراج منہ سے بول کر دیکھیں۔‘‘ تب میں نے امرناتھ کے ساتھ مل کر ایک ایسا منصوبہ بنایا جس سے سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ یہی کیا میں نے، بادلوں بھری ایک رات ہم گھر سے باہر نکلے، امرناتھ کو میں نے جو ہدایات دے دی تھیں وہ ان پر عمل کر رہا تھا، اس بیچ میں نے ہرناوتی سے کوئی بات نہیں کی تھی بلکہ جب دُوسری رات وہ چوری چوری گھر سے باہر نکلی تب بھی میں نے اسے نہ روکا حالانکہ میں نے اسے دیکھ لیا تھا۔ وہ اس پاپی اچھوت کے ساتھ وقت گزارتی رہی مگر میں اپنا کام آگے بڑھانے کا پورا پورا منصوبہ بنا چکا تھا، میں اور امرناتھ رام مندر پہنچے، پجاری شونارائن جی کو اُٹھایا اورا ن سے پوچھا کہ کیا یہ بات سچ ہے، پجاری جی سچّے آدمی تھے، انہوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ دو پریم کرنے والے ایک ہونا چاہتے تھے، انہوں نے سنسار کی ریت کے مطابق وہ سب کچھ کر دیا جو انہیں ایک کر دیتا، تب میں نے زہر کی شیشی شونارائن جی کو دیتے ہوئے کہا۔
‎’’اور آپ نے جو کچھ کیا شونارائن جی اس کے نتیجے میں آپ کو یہ موت قبول کرنا ہوگی۔‘‘ شونارائن مسکراتے ہوئے بولے۔
‎’’موت اور جیون بھگوان کی لین دین ہے، اگر اس زہر سے میری موت لکھی ہے تو مجھے یہ ہر حالت میں پینا پڑے گا اور اگر ابھی کچھ جیون باقی ہے تو یہ زہر میرا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔‘‘ سو میں نے دیکھا کہ شونارائن جی زہر کی پوری شیشی حلق میں اُنڈیل گئے اور تھوڑی ہی دیر کے بعد ان کے ہاتھ پائوں مڑ گئے۔ ہم نے پہلے سے سارا بندوبست کر رکھا تھا، زہر نکلے ہوئے ایک سانپ کی دُم مروڑ کر اسے شونارائن جی کے پائوں سے چپکا دیا اور سانپ کے دانت شونارائن جی کے پائوں میں گڑھ گئے تاکہ دیکھنے والے یہی سمجھیں کہ پنڈت شونارائن مہاراج سانپ کے ڈسے سے مرے۔ اس طرح ہم نے ہرناوتی اور ہیرا کی شادی کے اس سب سے بڑے گواہ کو ختم کر دیا لیکن بات یہیں تک محدود نہیں رہنی تھی۔ دُوسرا انتظام بھی کرنا تھا۔ شونارائن جی کی موت پر کسی نے کوئی شبہ نہیں کیا۔ ہرناوتی چھ راتیں ہیرا سے ملتی رہی مگر ساتویں رات ہیرا کے جیون میں کبھی نہیں آئی۔ منصوبے کے مطابق ہرناوتی کو دُوسرے گائوں بھیجا گیا اور وہ سب کے ساتھ خوشی خوشی گئی تھی مگر میں اور امرناتھ آٹھ آدمیوں کے ساتھ تیار تھے۔ ہم لوگ رات کی تاریکی میں لاکھو کے گھر پہنچے دروازہ بجایا تو لاکھو نے دروازہ کھول دیا۔ میرے آدمیوں میں سے ایک نے اس کے سر پر لاٹھی ماری اور لاکھو ’’ہائے‘‘ کہہ کر ڈھیر ہوگیا، تب ہیرا باہر نکلا اور ہم نے اسے بھی لاٹھیوں پر رکھ لیا، پھر گھر کی تین عورتوں، باپ، بیٹے اور ایک بچّے کو ہم نے ہاتھ پائوں باندھ کر وہیں ڈال دیا اور اس کے بعد پورے گھر پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی، اتنی تیز آگ لگائی تھی ہم نے اور اتنا تیل ڈالا تھا کہ کوئی ان کی مدد نہ کر پائے۔ بیس گھر جلے تھے اس آگ سے اور ہیرا اور لاکھو اپنے مزید پانچ گھر والوں کے ساتھ جل کر بھسم ہوگئے تھے اس گھر میں۔ تب میرے دل کو سکون ملا۔ ہرناوتی واپس آگئی، بستی والے کبھی یہ نہ جان سکے کہ آگ کیسے لگی۔ بس انہوں نے کوئلہ ہوئی لاشیں نکالی تھیں اور ان کا کریا کرم کر ڈالا تھا مگر ہرناوتی مجھے شبہے کی نظروں سے دیکھتی تھی اور پھر ایک رات وہ میرے پاس پہنچ ہی گئی۔ میں اس وقت اپنے کسی کام میں مصروف تھا۔ ہرناوتی کا چہرہ دیکھ کر میں چونک پڑا اور میں نے اس سے پوچھا کہ اس کا کیسے آنا ہوا تو اس نے پُراسرار لہجے میں کہا۔ ’’میرا سہاگ کیسے بھسم ہوا مہاراج؟‘‘
‎’’مجھے کیا معلوم۔‘‘ میں نے غصے سے کہا۔
‎’’مگر مجھے معلوم ہوگیا ہے۔‘‘
‎’’کیا معلوم ہو گیا ہے۔‘‘
‎’’میرے سسر لاکھو کے گھر میں آگ لگی نہیں لگائی گئی تھی۔‘‘
‎’’لگائی گئی تھی، کس نے لگائی؟‘‘
‎’’امرناتھ، بھیل چند، شکتی لعل، پرسی رام، رگھو، شنکر، راجن اور سونا آگ لگانے والے تھے اور آپ آگ لگوانے والے۔‘‘
‎’’کیا بک رہی ہے۔‘‘ میں غصے سے دھاڑا۔ مگر میرے بدن میں سردی دوڑ گئی تھی، سارے نام سچے تھے کس نے مخبری کر دی نہ جانے کس نے زبان کھول دی۔ ہرناوتی حیرت انگیز طور پر پُرسکون تھی اس نے کہا۔
‎’’شبہ تو مجھے پہلے ہی تھا بھیا جی۔ آخر آپ میرے بھیا ہیں، ہم نے ایک ماں کی کوکھ سے جنم لیا ہے مگر آپ نے جو انیائے کیا، وہ اچھا نہیں تھا۔ سارے کنبے کو مروا دیا، بچّے کو بھی نہ چھوڑا، دوش تو ہیرا کا تھا مہاراج، سب کا تو نہیں تھا۔ آپ کو رحم نہ آیا ان پر، زندہ جلوا دیا آپ نے انہیں آگ میں۔‘‘
‎’’ہرناوتی، جو کچھ میں نے تیرے ساتھ آج تک کیا ہے اس کا یہ بدلہ دے رہی مجھے، الزام لگا رہی ہے میرے اُوپر، ٹھیک ہے اگر ایسی بات ہے تو جا تھانے چلی جا میرے خلاف رپٹ درج کرا دے، گرفتار کرا دے مجھے ان سب کے قتل کے الزام میں۔‘‘ ہرناوتی عجیب سے انداز میں ہنسی پھر بولی۔
‎’’کہا تھا میں نے ہیرا سے بھیا جی، کہا تھا مگر اس نے کہا کہ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، بنسی راج مہاراج بڑے اختیار والے ہیں۔ پولیس کو اپنے جال میں پھانس لیں گے مال و دولت دے دیں گے اسے اور بات ختم ہو جائے گی لیکن اب اپنا کام ہیرا خود ہی نبٹائے گا بنسی راج مہاراج۔‘‘
‎’’کک… کیا بک رہی ہے تو… تو… تو کہتی ہے اور… اور وہ ہیرا… ہیرا۔‘‘ بات میری سمجھ میں نہیں آئی تھی ہرناوتی نے آہستہ سے کہا۔
‎’’آیا تھا ہیرا میرے پاس۔ پہلے مجھ سے اس نے اپنی ساری بپتا سنائی اور اس کے بعد کہنے لگا کہ اگر اکیلا مار دیا جاتا اسے تو یہ سوچ کر خاموش ہو جاتا کہ چلو ہرناوتی کے بھیا نے مارا ہے مگر سارے مار دیئے پتا جی کو بھی مار دیا، کہہ رہا تھا کہ سب نے یہی فیصلہ کیا ہے کہ اپنا بدلہ وہ خود لیں گے تم سے، سمجھے بنسی راج مہاراج میں تمہیں یہی بتانے آئی تھی۔ ہیرا تو کہہ رہا تھا کہ کیا فائدہ یہ سب کچھ کہنے سے، جب بدلہ شروع ہوگا تو بنسی راج مہاراج خود ہی دیکھ لیں گے، کہنے سننے سے کوئی فائدہ نہیں ان کی سمجھ میں نہیں آئے گا۔‘‘ میں پھٹی پھٹی آنکھوں سے ہرناوتی کو دیکھتا رہا شاید پاگل ہوگئی تھی، وہ ہمدرد نگاہوں سے مجھے دیکھتی ہوئی واپس چل پڑی۔ میں نے اسے روکتے ہوئے کہا۔
‎’’کہاں جا رہی ہے تو…؟‘‘
‎’’اب کہاں جائوں گی بھیا جی، میرا سسرال تو ختم ہی ہوگیا۔‘‘ اس نے رُندھے ہوئے لہجے میں کہا۔
‎’’بے حیا، بے شرم، نیچ ذات تھے وہ… اس گھر کو اپنا سسرال کہتے تجھے شرم نہیں آتی؟‘‘ جواب میں اس نے مجھے حقارت بھری نگاہوں سے دیکھا اور کمرے سے نکل گئی، مگر مجھے کچھ کرنا تھا۔ اگر اس نے کسی اور کے سامنے زبان کھول دی تو میرے لیے بڑی مشکلات پیدا ہو جاتیں، چنانچہ میں نے اسے دوسرے ہی دن ایک الگ تھلگ جگہ رکھ دیا، میری حویلی پرکھوں کی بنائی ہوئی ہے۔ دو حصے ہیں، اس کا ایک حصہ ویران پڑا رہتا ہے۔ میں نے اسی ویران حصے کو صاف ستھرا کرایا اور اسے وہاں پہنچا دیا، میری پتنی پہلے تو حیران ہوئی بعد میں مجھے اسے اپنا رازدار بنانا پڑا۔ امرناتھ وغیرہ سے میں نے ہرناوتی کی کہی ہوئی باتوں کی پوری تفصیل نہیں بتائی تھی کہ کہیں وہ ڈر نہ جائے لیکن ہرناوتی کی قید کی نگرانی کرنے کے لیے اسی کو منتخب کیا تھا اور یہ کہا تھا کہ ہرناوتی کو اس بات کا شبہ ہوگیا ہے کہ لاکھو کے گھرانے کو مارا گیا ہے۔ امرناتھ میرا وفادار آدمی تھا آنکھیں بند کر کے اپنے کام میں لگ گیا مگر میری نیندیں حرام ہوگئی تھیں۔ مہاراج میں یہ سوچتا تھا کہ ہرناوتی، ہیرا کا نام کیسے لیتی ہے۔ وہ یہ بات کیسے کہہ رہی تھی کہ ہیرا نے اسے یہ تفصیل بتائی تھی۔ ویسے تو میں نہ مانتا مگر اس نے ان تمام لوگوں کے نام بالکل ٹھیک ٹھیک لیے تھے جو لاکھو کے گھرانے میں آگ لگانے گئے تھے۔ پھر ایک خوفناک واقعہ پیش آیا، امرناتھ اور اس کے دو ساتھی جو رات کو وہیں سویا کرتے تھے جہاں ہرناوتی قید تھی، اچانک ہی آدھی رات کو دہشت سے چیختے ہوئے دوڑتے نظر آئے، ان تینوں کے جسموں میں آگ لگی ہوئی تھی اور شعلے اتنے بلند تھے کہ حویلی کے دُوسرے ملازموں نے انہیں دیکھ لیا، سب اکٹھے ہوگئے، لوگ کہتے ہیں میں تو اس وقت موجود نہیں تھا، کہ انہوں نے آگ بجھانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ان کے جسموں میں لگی آگ نہ بجھی اور تینوں کے تینوں ایسے جل گئے جیسے کوئلہ جل کر سخت ہو جاتا ہے، پتا ہی نہ چل سکا کہ ان کے جسموں میں آگ کیسے لگی۔ اس واقعہ سے بڑا خوف پھیل گیا تھا میں ضروری کارروائیوں میں مصروف رہا۔ بستی والوں کو اس بارے میں بس اتنا ہی پتا چل سکا تھا کہ کسی طرح تین آدمی جل کر بھسم ہوگئے۔ اصل بات کسی کے کانوں تک نہیں پہنچی تھی۔ ہرناوتی سے میں خود ملا تو وہ مطمئن نظر آئی، ہنس کر بولی۔
‎’’باقیوں کے ساتھ بھی یہی سب کچھ ہونا ہے مہاراج تھوڑا سا انتظار کرلیں اور اس کے بعد آپ کی باری آئے گی۔‘‘
‎’’تیرا دماغ خراب ہوگیا ہے، دُشمن ہوگئی ہے تو ہماری۔‘‘
‎’’نہیں مہاراج میں نے تو ایسا نہیں کیا، ہیرا مجھے پہلے ہی بتا گیا تھا کہ ابتداء وہ امرناتھ اور ان دونوں آدمیوں سے کرے گا، میرے اُوپر پہرہ لگانے کی ضرورت نہیں ہے مہاراج، بچا سکتے ہو تو ان کے گھروں کو اور انہیں بچا لینا جنہیں تم نے اس کام کے لیے آمادہ کیا تھا، میں کہاں جائوں گی میرا کون سا ٹھکانہ ہے۔‘‘ میں واقعی پریشان ہوگیا تھا، میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا کہ میں کیا کروں، امرناتھ میرا مشیر تھا، ہر طرح کے رازداری کے مشورے میں اسی سے کرتا تھا وہ نہ رہا تھا، مجھے اس کی موت کا بہت افسوس تھا، بہرحال پریشانیوں کا آغاز تو اسی دن سے ہوگیا تھا مہاراج جس دن سے مجھے یہ پتا چلا تھا کہ ہرناوتی نے اس نیچ ذات سے شادی کرلی ہے اور اب یہ پریشانیاں عروج کو پہنچتی جا رہی تھیں۔ میرے بیٹے عیش و عشرت کی زندگی میں پروان چڑھے تھے۔ بڑے بیٹے کی شادی کرنے والا تھا میں، مگر کوئی بات سمجھ میں ہی نہیں آ رہی تھی۔ پھر ایک دن پتا چلا کہ رگھو اور شنکر جو کھیت پر کام کر رہے تھے، سانپ کے ڈسنے سے مر گئے۔ کسی ایسے ناگ نے ڈسا تھا انہیں جو بہت زہریلا تھا، دونوں کی لاشیں تک نہ اُٹھائی جا سکی تھیں بدن کا سارا گوشت گل کر پانی کی طرح بہہ گیا تھا اور ہڈیوں کے ڈھانچے کھیتوں میں پڑے نظر آئے تھے۔ جہاں جہاں ان کا پانی بہا تھا، وہاں زمین ایسی کالی ہوگئی تھی کہ جیسے آگ لگا دی گئی ہو اور اس کے بعد مہاراج وہ کھیت پھر سے سرسبز نہ ہو سکے، پھر اس کے بعد دُوسرے لوگوں کی باری آئی، بیر چند اور شکتی راج بھی مارے گئے۔ راجن اور سونا تو پہلے ہی امرناتھ کے ساتھ بھسم ہوگئے تھے۔ بیرچند اور شکتی کہیں سے آ رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی ٹکرا گئی اور اس طرح ان کا قیمہ قیمہ ہوا کہ ان کی لاشیں بھی نہ اُٹھائی جا سکتی تھیں۔ اب میرے حواس جواب دینے لگے تھے، میں بیمار ہوگیا تھا اتنا بیمار کہ بخار اُترے نہ اُترتا تھا کہ ایک دن ایک وید جی میرے پاس آئے، بھدّی سی شکل کے مالک تھے، میرا بیٹا کپور چند انہیں لے کر آیا تھا، دوائوں کا بکس ان کے پاس تھا۔ کپور چند نے کہا کہ یہ بہت نامی گرامی وید جی ہیں اور بڑا اچھا علاج کرتے ہیں، میں آپ کو انہیں دکھانا چاہتا ہوں پتا جی، میں تیار ہوگیا وید جی نے کہا کہ وہ تنہائی میں مجھ سے کچھ باتیں کریں گے، سب چلے گئے۔ وید جی نے مجھے اپنے تھیلے سے دوائوں کی دو پڑیاں نکال کر دیں اور کہا کہ میں انہیں پانی کے ساتھ کھا لوں، میں نے ایسا ہی کیا۔ پڑیاں کھانے کی دیر تھی کہ مجھے اپنے بدن میں بڑی طاقت محسوس ہوئی اور یوں لگا جیسے میں ٹھیک ہوتا جا رہا ہوں۔ میں نے عقیدت بھری نگاہوں سے وید جی کو دیکھا تو وہ ہنسنے لگے پھر بولے۔
‎’’اگر ابھی سے مرگئے ٹھاکر بنسی راج تو بعد کے کام کیسے دیکھ سکو گے۔ میرا تمہارے پاس آنا تو بہت ضروری تھا تمہیں ابھی جیتے رہنا ہے مہاراج بہت عرصے تک جیتے رہنا ہے۔ تم نے میرے پریوار کو ختم کیا ہے۔ اپنا پریوار ختم ہوتے ہوئے بھی تو اپنی آنکھوں سے دیکھ لو۔‘‘ اور جب میں نے حیران ہو کر وید جی کے چہرے پر نظر ڈاتی تو یہ دیکھ کر میری جان ہی نکل گئی کہ وہ ہیرا تھا ہیرا جسے میں نے جلا کر بھسم کیا تھا وہ مجھے شریر آنکھوں سے دیکھ رہا تھا۔
‎’’بھگوان کے ہاں کوئی ذات نہیں بنائی جاتی نہ اُونچی ذات نہ نیچی ذات اور دل تو بھگوان نے سبھی کو دیا ہے۔ ہم نے تو پھیرے کئے تھے آپ کی بہن سے مہاراج کوئی گناہ نہیں کیا تھا۔ سوئیکار کرلیتے ہمیں تو کیا ہو جاتا اور پھر دوشی تو ہم تھے۔ ہمارے پتا جی کو بھی مار دیا تم نے ماتا جی کو بھی مار دیا، ہمارے بھتیجے کو بھی مار دیا، کیسا انیائے کیا تم نے مہاراج ہم تو ہرناوتی کی وجہ سے خاموش ہو جاتے، معاف کر دیتے تمہیں مگر دُوسرے معاف کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ وہ تو مارے گئے جنہوں نے ہمارا گھر پھونکا تھا اور اب تمہارے پریوار کی باری ہے مہاراج، پانچ بیٹے ہیں تمہارے۔ دو بیٹیاں ہیں، بیٹیوںکی تو شادی کر دی تم نے ان کا نمبر سب سے بعد میں آئے گا۔ پہلے اپنے ان پانچ ستونوں کو گرتے ہوئے دیکھ لو ہم ایسا کر دیں گے مہاراج کہ تمہارے گھر میں پھر کبھی روشنی نہ آئے، ہم تمہاری ساری دیوالیاں بجھا دیں گے، ہم سب نے یہی فیصلہ کیا ہے مگر تمہیں جینا ہے، بیمار رہو گے تو رہو یہ تمہاری مرضی ہے مگر زندہ رہو تاکہ اپنے کئے کا انجام اپنی آنکھوں سے دیکھو۔‘‘ یہ کہہ کر ہیرا دروازے سے باہر نکل گیا، میرے پورے جسم میں سرد لہریں دوڑ رہی تھیں، کوئی شبہ نہیں تھا، کوئی دھوکا نہیں تھا جو کچھ دیکھا تھا اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا، جو کچھ سنا تھا اپنے کانوں سے سنا تھا اور دل خون ہو کر رہ گیا تھا۔ اس نے میرے بیٹوں کی طرف اشارہ کیا تھا اور مجھے اپنی اولاد اپنی جان سے زیادہ عزیز تھی، بڑا بدحواس ہوگیا تھا میں، کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کروں۔ میرا بیٹا جو سب سے بڑا تھا میری اس بیماری پر کافی توجہ دے رہا تھا۔ ایک بار اس نے پوچھا کہ میرے من کو کیا روگ لگ گیا ہے، کچھ بتائو تو سہی؟ میری دھرم پتنی بھی ضد پر آ گئی تو میں نے ساری کہانی ان لوگوں کو سنا دی۔ میرا بڑا بیٹا ہنسنے لگا پھر بولا۔
‎’’یہ آپ کا وہم ہے مہاراج آپ کے دل میں چور بیٹھ گیا ہے۔ وہ سارے کے سارے جو مرے آپ کو ان کی موت کی وجہ معلوم ہے، حادثے ہی ہوئے تھے ان کے ساتھ۔‘‘
‎’’وہ کیسے حادثے ہوئے تھے ذرا مجھے بھی بتا دو، انسانی جسموں میں آگ لگ جائے، ناگ ایسے کاٹیں کہ بدن پانی ہو جائے، یہ سارے کھیل کیا تم انسانی کھیل سمجھتے ہو یا صرف حادثہ کہہ سکتے ہو۔‘‘ وہ لوگ بھی کچھ متاثر ہوگئے تھے لیکن کوئی بات سمجھ میں نہ آ سکی اور پھر مہاراج میرا سب سے بڑا بیٹا آہ… میرا سب سے بڑا بیٹا ایک صبح جب گھر والوں نے اسے نہ پایا تو اس کے کمرے میں اسے پکارنے گئے تو نوکر نے اس کی لاش چھت کے کنڈے سے لٹکی ہوئی دیکھی تھی۔ اس کی زبان اور آنکھیں باہر نکل پڑی تھیں۔ یہ نہیں پتا چلا تھا کہ کس نے اسے سولی پر لٹکایا ہے۔ زمین سے آٹھ فٹ اُونچا لٹک رہا تھا وہ، گردن میں رسّی ڈلی ہوئی تھی اور رسّی کنڈے میں۔ کوئی بات سمجھ میں نہیں آئی پولیس کو بلا لیا گیا۔ پولیس نے اپنا سارا کام کیا مگر مجھے ہیرا کی بات یاد تھی۔ میرا دماغ اسی طرف جا رہا تھا جو حشر ہو سکتا تھا میرے من کا مہاراج آپ کو پتا ہے۔ اسی بیٹے کی شادی میں کرنے والا تھا سب کچھ چوپٹ ہو کر رہ گیا تھا آہ… مہاراج میں اپنی جیون بھر کی کمائی لٹا بیٹھا تھا اپنے ہاتھوں، ہرناوتی کے پاس پہنچا ہاتھ جوڑ کر اس کے چرنوں میں جھک گیا اور اس سے میں نے کہا کہ اگر ہیرا اس سے ملتا ہے تو ہیرا سے کہے کہ وہ ہم پر رحم کرے۔ ہرناوتی نے مسکراتی نگاہوں سے مجھے دیکھتے ہوئے کہا۔
‎’’آپ نے کسی پر رحم کیا ہے مہاراج آج تک، آپ رحم کا نام جانتے ہیں؟‘‘
‎’’تو بھی تو ان کی موسی ہے ہرناوتی تیرے بھی تو کچھ لگتے
‎ہیں وہ۔‘‘ میں نے رو کر کہا۔
‎’’کوئی رشتہ نہیں ہے تم سے میرا… قیدی ہوں میں تمہاری… میرا تمہارا صید و صیّاد کا رشتہ ہے بس، تم نے اس کا پورا کٹم مار دیا… اس نے سوگند کھائی ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کرے گا۔‘‘
‎’’ہرے رام ایسا مت کہہ ہرنا… ایسا مت کہہ بچا لے اپنے بھتیجی بھتیجوں کو… بچا لے انہیں۔‘‘
‎’’خون کا بدلہ خون… سب مریں گے، سب مریں گے کوئی نہیں بچے گا۔‘‘ وہ پاگلوں کی طرح بولی اور پھر ہنسنے لگی، پھر چیخنے لگی، پھر رونے لگی اور اس کے بعد کچھ کہنے کو باقی نہ رہا، کچھ نہیں بگاڑ سکا میں اس کا۔ اس مہینے کے بعد میرا گووندا مار دیا گیا۔ وہ بھائیوں میں سب سے تگڑا جوان تھا۔ سب سے خوبصورت جوان تھا، دیکھنے والے اسے دیکھتے تھے تو اس کی جوانی پر رشک کرتے تھے۔ مہاراج میرا گووندا رات کو کھاپی کر آرام سے سویا، آدھی رات کواس کے کمرے سے چیخنے کی آوازیں سنائی دیں، وہ حلق پھاڑ پھاڑ کر چیخ رہا تھا، سب کو پکار رہا تھا، ہم سب اُٹھ کر اس کے کمرے کی طرف بھاگے دروازہ کھولنے کی کوشش کی مگر دروازہ اندر سے بند تھا، بہت سے نوکروں نے مل کر اسے توڑا تو اندر کمرے میں دُھواں بھرا ہوا تھا مہاراج۔ گہرا گاڑھا کالا دُھواں جس میں کچھ نظر نہیں آ رہا تھا اور اب گووندا کی آواز بھی سُنائی نہیں دے رہی تھی۔ پہلے جب اس کی چیخیں سنائی دی تھیں تو پوری طاقت سے چیخ رہا تھا وہ بعد میں اس کی آواز مدھم ہوتی چلی گئی تھی۔ دروازے کھڑکیاں سب بند تھے، پتا ہی نہیں چلا تھا کہ دُھواں کہاں سے آیا، نوکروں نے روشنیاں جلائیں لیکن گہرے گاڑھے کالے دھویں کی وجہ سے کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔ دروازے کھڑکیاں کھول دیئے گئے جس طرح بھی ممکن ہوسکا کمرے کا دُھواں باہر نکالا گیا اور میں نے، میں نے اپنے کڑیل گووندا کی لاش زمین پر اکڑی ہوئی پائی، اس کا چہرہ بڑا بھیانک ہوگیا تھا مہاراج یوں لگ رہا تھا جیسے کسی نے اس کی گردن دبا کر اسے مار دیا ہو اور پھر ہمیں ایک قہقہہ سنائی دیا۔ بھلا میں اس قہقہے کو نہ پہچانوں گا، اسی پاپی کا تھا، اسی پاپی ہیرا کا قہقہہ تھا وہ جیسے اپنی کامیابی سے بڑا خوش ہو مہاراج ہم پر جو بیتی ہمارا من ہی جانتا ہے۔ جو کر بیٹھے تھے وہ تو کر ہی بیٹھے تھے مگر اس کے بعد، اس کے بعد مہاراج جو ہو رہا تھا وہ سپنے میں بھی نہیں سوچا تھا۔ ایک بار پھر میں ہرناوتی کے پاس گڑگڑاتا ہوا پہنچا مگر وہ اپنے ہوش میں نہیں ہے، وہ بھی پاگل ہو چکی ہے، من تو چاہتا ہے کہ سسری کو زندہ جلا دوں آگ میں۔ سب کچھ اسی کی وجہ ہوا ہے مگر مہاراج ہمت نہیں پڑتی۔ گووندا کے بعد میرا ایک اور بیٹا میرے ہاتھوں میں دَم توڑ گیا، ایسا پاپی باپ ہوں میں جو مرنا چاہتا ہے مگر موت بھی اسے نظرانداز کر چکی ہے۔ نہیں آتی موت بھی مجھے سمیٹنے، بھگوان کے لیے میری مدد کریں، میری مدد کریں، دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں میرے، تین بیٹوں کو صبر کر چکا ہوں بڑا دل پتھر کر لیا ہے میں نے، مجھے جیون سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ آج مر جائوں تو سارے پاپ کٹ جائیں مگر جیتے جی یہ نہیں دیکھ سکتا کہ ایک ایک کر کے سارے میری آنکھوں کے سامنے ختم ہو جائیں۔ کھانا پینا ختم ہو چکا ہے میرا مہاراج، جب بہت بھوک لگتی ہے تو تھوڑی بہت کوئی چیز کھا لیتا ہوں۔ چھ چھ دن کے فاقے کئے ہیں میں نے، صرف اس خیال سے کہ بھوک اور پیاس سے مر جائوں مگر موت نہیں آتی۔ میری ہی طرح میری دھرم پتنی کا بھی حال ہے حالانکہ وہ تو بے گناہ ہے، اس نے کچھ نہیں کیا مگر مجھ سے زیادہ وہ مر رہی ہے۔ میری مدد کر سکتے ہیں تو اللہ کے نام پر میری مدد کریں۔ آپ مسلمان ہیں اور اللہ کے نام پر اگر آپ سے کوئی مدد مانگی جائے تو سنا ہے مسلمان اپنا سب کچھ لٹا دیتے ہیں سوال کرنے والوں پر… میں سوالی ہوں مہاراج آپ کے بارے میں جو کچھ سنا ہے میں نے اگر بھگوان نے، اگر اللہ نے آپ کو کچھ دیا ہے تو مجھ پر خرچ کر دیں، دُعائیں ہی دے سکوں گا اس کے بدلے اور کچھ نہیں کر سکوں گا مہاراج۔ ساری بستی والے مجھے ناپسند کرتے ہیں اگر آپ حکم دیں کہ میں ان سارے بستی والوں کے سامنے ان کے چرنوں میں گر جائوں تو میں اپنی اَنا توڑنے کے لیے تیار ہوں۔ یہ اَنا مجھے ورثے میں ملی تھی مہاراج مگر میرے ورثے نے مجھ سے میرا سب کچھ چھین لیا۔‘‘
‎وہ اس طرح بلک بلک کر رویا کہ میرا دل پانی ہوگیا جو کہانی اس نے سُنائی تھی اس میں اس کے ظلم کی داستان چھپی ہوئی تھی لیکن اب بنسی راج ایک تھکا ہوا انسان تھا۔ ایک ایسا شخص تھا جس سے کوئی انتقام لینا بھی گناہ سمجھے۔ ایسے آدمی کو بھلا میں کیا کہتا، بہت دیر تک وہ روتا رہا اس کا بدن تھر تھر کانپ رہا تھا۔ میں اس کی بے بسی کی حالت کو محسوس کررہا تھا اس نے پھر کہا۔
‎’’اگر میں بستی والوں کے سامنے دن کی روشنی میں آپ کے پاس آتا تو جوتے مارتے میرے سر پر، اتنی باتیں کرتے وہ کہ مجھ سے سہی نہ جاتیں، اس لیے مہاراج رات کا یہ سمے چنا ہے۔ آپ کو جو تکلیف ہوئی وہ مجھے پتا ہے مگر مجھے جو تکلیف ہے مہاراج ایک ڈوبتا ہوا آدمی ہر اس چیز کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے جو اس کے ہاتھ آ سکے، میں بھی ویسا ہی ہوں۔ آپ کی تکلیف کو میں اپنی تکلیف میں بھول گیا ہوں، مجھے معاف کر دیں میری مدد کریں۔‘‘ اس نے دونوں ہاتھ جوڑے، آنکھوں سے آنسوئوں کا سیلاب بہہ رہا تھا۔ چہرہ حسرت و یاس کی تصویر بنا ہوا تھا۔ میں نے آنکھیں بند کر لیں اور پھر میں نے آہستہ سے کہا۔ ’’آج کی رات مجھے دو بنسی راج، کل میں تم سے اس بارے میں بات کروں گا۔ میں کسی نہ کسی طرح تمہارے پاس پہنچ جائوں گا، اس وقت تم سے کوئی وعدہ نہیں کر سکتا لیکن کل میں تمہیں بتا سکوں گا کہ میں تمہارے لیے کیا کر سکتا ہوں۔‘‘
‎’’ٹھیک ہے مہاراج دو بیٹے اور دو بیٹیاں رہ گئی ہیں میری۔ بیٹیاں اپنی سسرالوں میں ہیں۔ ان کے بچّے بھی ہوگئے ہیں۔ جیسا کہ ہیرا کہتا ہے کہ میرے سارے پریوار کو میری آنکھوں کے سامنے ختم کر دے گا تو مہاراج بیٹوں کے بعد بیٹیوں کا نمبر آئے گا اور اس کے بعد نواسے نواسیوں کا پتا نہیں کیا کرے گا وہ۔ کیا سب کو مار دے گا؟ مہاراج بڑی اُمید لے کر جا رہا ہوں، بڑی آس لے کر جا رہا ہوں، بڑی آس لے کر جا رہا ہوں۔ دھونی پور والے آپ کا نام لے رہے ہیں۔ میں، میں میں، بھی بڑا سہارا رکھتا ہوں آپ کا مہاراج بڑا سہارا رکھتا ہوں۔‘‘
‎’’تم جائو بنسی راج بس اب جائو۔‘‘ میں نے کہا اور بنسی راج اسی راستے سے واپس چلا گیا جس راستے سے آیا تھا۔ میرے لیے بڑی مشکلات چھوڑ گیا تھا وہ، بہرطور مجھے اپنا فرض پورا کرنا تھا۔ میں نے نیند کا خیال ترک کر دیا، پانی تلاش کر کے وضو کیا اور دو زانو بیٹھ گیا۔ میں اپنے لیے رہنمائی چاہتا تھا اور میری رہنمائی ہوگئی۔ میرے دل سے آواز اُبھری کہ گناہ کرنے والا گناہ کر بیٹھتا ہے اس کا حساب کتاب اللہ کے حوالے، انسان کو انسان پر رحم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اگر کوئی کسی کے ساتھ کچھ کر سکتا ہے تو اسے اس سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔ بات اگر صرف بنسی راج کی ہوتی تو بنسی راج ہر سزا کا مستحق تھا اور وہ بھی جو اس کے ساتھ شریک تھے لیکن وہ شریک نہیں تھے جنہیں موت کے گھاٹ اُتارا گیا اور یہ ایک خبیث رُوح کا کارنامہ ہے جو بھٹک گئی ہے اور انتقام کی آگ میں جل رہی ہے اور وہ عورت بھی بے قصور ہے جو ماں ہے۔ باپ نے جرم کیا سزا بس اسی کو ملتی تو مناسب تھا لیکن ماں اس جرم میں شریک نہیں تھی اور جو غم اس کو ہو رہا ہے وہ جاری نہیں رہنا چاہئے۔ یہ روشنی کی رہنمائی تھی لہٰذا مجھے اطمینان نصیب ہوگیا۔ اس کا مطلب ہے کہ میں بنسی راج کی مدد کر سکتا ہوں اور اس کے بعد مجھے مدد کرنے کا طریقہ دریافت کرنا تھا اور میری رہنمائی ہو رہی تھی۔ میں نے اپنے بستر پر لیٹ کر کمبل اپنے چہرے پر ڈھک لیا تھا اور تصورات کی ہوائیں مجھے اُڑا کر نہ جانے کہاں سے کہاں لے گئی تھیں۔
‎صبح کی نماز کے بعد جب نمازی مسجد سے واپس چلے گئے تو حافظ حمید اللہ صاحب میرے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کرنے لگے میں نے حمید اللہ صاحب کو بتایا۔
‎’’حمید اللہ صاحب رات کو ایک عجیب واقعہ ہوا۔ ٹھاکر بنسی راج دیوار پھلانگ کر میرے پاس پہنچا اور اس نے مجھے اپنی کہانی سنائی۔ شاید آپ کو اس بات کا علم ہو کہ دھونی پور کا ٹھاکر بنسی راج کسی مصیبت میں گرفتار ہے۔‘‘
‎’’ایسی ویسی مصیبت… کئے کا پھل پا رہا ہے وہ، تین بیٹے ہلاک ہو چکے ہیں اس کے اور بڑی پُراسرار داستانیں سُنائی جا رہی ہیں اس کے سلسلے میں مگر وہ آپ کے پاس مدد کے لیے آیا تھا حیرت کی بات ہے وہ تو ناک پر مکھی نہیں بیٹھنے دیتا۔‘‘
‎’’اس کی اَنا ٹوٹ چکی ہے اور اب وہ دھونی پور کے ہر شخص کے سامنے ناک رگڑنے پر تیار ہے۔ میرا خیال ہے حافظ صاحب اس کے باقی بچوں کو زندہ رہنا چاہئے۔ انتقام کا یہ طریقۂ کار مناسب نہیں ہے۔ سزا اگر صرف اسے ملے جس نے گناہ کیا ہو تو زیادہ بہتر ہوتا ہے جو بے گناہ ہوں انہیں کسی اور کے گناہوں کی سزا نہیں ملنی چاہئے۔‘‘ حافظ حمید اللہ صاحب نے مجھے گہری نگاہوں سے دیکھا پھر بولے۔ ’’اگر آپ کچھ کرنا چاہتے ہیں مسعود میاں صاحب تو ٹھیک ہے اس سلسلے میں میری جو خدمات ہوں گی انہیں سرانجام دینے کے لیے میں حاضر ہوں۔‘‘
‎میرے ہونٹوں پر مسکراہٹ پھیل گئی میں نے کہا۔ ’’بس آپ کی دُعائیں درکار ہوں گی مجھے اس کے علاوہ اور کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ حافظ حمید اللہ صاحب مسکرا کر خاموش ہوگئے، پھر میں نے ان سے پوچھا۔ ’’ویسے بستی والے بھی بنسی راج سے نفرت کرتے ہوں گے، آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘
‎’’سب اس سے گھن کھاتے ہیں، وہ بڑا سرکش آدمی رہ چکا ہے اور اس کے ہاتھوں ہمیشہ ہر ایک کو نقصان ہی پہنچا ہے۔ آج بھی اس کے بہت سے کارندے اس کی کنجوسی سے تنگ ہیں، کمبخت کچھ بھی نہیں دیتا کسی کو اور سب کچھ ہڑپ کر لینے کے چکر میں رہتا ہے۔ آپ دیکھ لیں مسعود میاں اگر آپ کا دل گواہی دیتا ہے تو اس کے لیے کام کریں۔‘‘
‎’’ہو سکتا ہے حمید اللہ صاحب اس سے بہتوں کی بہتری بھی ہو جائے یعنی انہیں کچھ مل جائے جنہیں اس کے ہاتھوں سے کچھ نہیں ملتا۔ وہ تو اپنے آپ کو اتنا مجبور و بے کس ظاہر کر رہا تھا کہ یوں لگتا تھا جیسے اب اسے اپنے دھن دولت سے کوئی دلچسپی ہی نہ ہو۔ بہرحال دیکھے لیتے ہیں اس کی مدد تو کرنا ہی ہوگی، ہاں یہ بتایئے کہ اس تک پہنچنے کا کیا ذریعہ ہو سکتا ہے؟‘‘
‎’’میں آپ کو اس کی حویلی تک لے جا سکتا ہوں یہ کونسا مشکل کام ہے۔‘‘
‎’’بس ذرا لوگوں سے چھپ کر جانا چاہتا ہوں تاکہ بلاوجہ شہرت نہ ہو پائے، اس سلسلے میں اس شہرت سے بہت سی رُکاوٹیں درمیان میں آ جائیں گی۔‘‘ میں نے کہا۔
‎’’اس کے لیے تو میرے خیال میں رات کا وقت ہی مناسب ہوگا، آج کا دن گزار لیجئے عشاء کے بعد نکل جایئے۔ ویسے بھی رات کے ایک حصے میں دھونی پور کی بستی مکمل پُرسکون ہو جاتی ہے اور یہاں راتوں کو کوئی رونق نہیں ہوتی، میں آپ کو وہاں پہنچا دوں گا۔‘‘


‎’’آپ مجھے بس وہاں تک کا پتا بتا دیجئے گا۔‘‘ میں نے حمید اللہ صاحب سے اتفاق کرلیا۔ رات کو حمید اللہ صاحب نے میرے ساتھ جانا چاہا لیکن میں نے ان سے درخواست کی کہ وہ مجھے تنہا جانے دیں یہ ضروری ہے۔ مجبوراً وہ رُک گئے، البتہ انہوں نے مجھے بڑی وضاحت سے حویلی کا پتا بتا دیا تھا۔ میں چل پڑا، حمید اللہ صاحب نے سچ کہا تھا پوری بستی شہر خموشاں بنی ہوئی تھی۔ کتّے تک نہیں بھونک رہے تھے۔ اِکّا دُکّا گھروں میں سے روشنی جھلک رہی تھی۔ ورنہ زیادہ تر گھر تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔ کبھی کسی گھر سے بچّے کے رونے کی آواز سنائی دے جاتی اور پھر خاموشی پھیل جاتی۔ میں بستی کے ایک کھلے میدان میں نکل آیا جہاں میدان کے بیچوں بیچ ایک چبوترا نظر آ رہا تھا جس کے عین درمیان ایک بڑ کا درخت پھیلا ہوا تھا۔ درخت کے نیچے ایک دیا روشن تھا اور اس کی لرزتی روشنی میں کچھ لوگ بیٹھے نظر آ رہے تھے۔ حمید اللہ صاحب نے اس درخت کے بارے میں بھی بتایا تھا سیدھے چلنا تھا اور میدان کے اختتام سے بائیں ہاتھ مڑ جانا تھا مگر میں نے سوچا ان بیٹھے ہوئے لوگوں سے اور تصدیق کر لوں چنانچہ ان کی طرف بڑھ گیا۔ قریب پہنچ کر اندازہ ہوا کہ وہ عورتیں تھیں، لہنگا اور چولی پہنے ہوئے سوگوار بیٹھی ہوئی تھیں، ان سے کوئی دو گز کے فاصلے پر ایک شخص گھٹنوں سے اُونچی دھوتی باندھے اور شلوکا پہنے گھٹنوں میں سر دیئے بیٹھا تھا، درمیانی عورت کی گود میں ایک تقریباً سات سال کا بچہ سو رہا تھا، ان کے اس انداز پر مجھے حیرت ہوئی نہ جانے بے چارے کس مصیبت کا شکار تھے۔
‎’’کیا بات ہے بہنو… یہاں کیسے بیٹھی ہو۔‘‘
‎’’دھیرا ارتھی مانگ رہا ہے میں اسے ارتھی کہاں سے دوں۔‘‘ اس عورت نے کہا جو بچّے کو گود میں لیے بیٹھی تھی۔
‎’’کیا مانگ رہا ہے۔‘‘ میں کچھ نہ سمجھ کر بولا۔ میں نے جھک کر بچّے کو دیکھا اور پھر بُری طرح چونک پڑا، بچّے کے جسم پر لباس نام کی کوئی چیز نہیں تھی، اس کا جسم اکڑا ہوا تھا اور کوئلے کی طرح سیاہ ہو رہا تھا، اس کے جسم میں زندگی کی کوئی رَمق نہیں تھی چہرے کے نقوش تک جل کر بگڑ چلے تھے۔
‎’’ارتھی… ارتھی کہاں سے لائوں ارتھی۔‘‘ عورت نے جھنجھلا کر کہا دفعتاً بچّے نے گردن اُٹھائی اور پھٹی پھٹی آواز میں۔ ’’ہیں… ہیں۔‘‘ کر کے رونے لگا پھر بھیانک آواز میں بولا۔ ’’بپو… ارتھی… ارتھی۔‘‘ پھر اس کی گردن اپنی جگہ پہنچ گئی، اسی وقت گھٹنوں میں سر دیئے بیٹھے شخص نے گردن اُٹھا کر کہا۔
‎’’میں بتاتا ہوں میاں جی… سنو میں بتائوں بستی کے بیس گھر جل گئے تھے، چار ہمارے ناتے داروں کے تھے وہ بے چارے اپنی مصیبت میں پڑ گئے، کریا کرم کون کرتا ہمارا، کتّے کی طرح جلے ہوئے شریر گھسیٹے اور شمشان ڈال آئے، چتائیں تو جیتے جی پھنک گئی تھیں ہماری… بڑے تو سمجھدار تھے مگر دھیرا بچہ ہے ضد کرتا ہے پگلا کہیں کا…! جائو تم اپنی گیل کھوٹی مت کرو خود چپ ہو جائے گا سسرا۔‘‘ اس نے کہا اور گردن دوبارہ گھٹنوں میں دبا لی۔
‎میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے، کچھ کچھ سمجھ میں آ رہا تھا، حقیقت کا اندازہ ہو رہا تھا، میں دو قدم آگے بڑھا اور گھٹنوں میں سر دیئے آدمی کے قریب پہنچ گیا۔
‎’’تم لاکھو ہو۔‘‘ میں نے پوچھا اور اس نے پھر سر اُٹھا لیا۔ اس بار اس کا چہرہ اور بھیانک نظر آنے لگا۔
‎’’ہیں ناہیں تھے، میاں جی تھے… ایک اُونچی جات والے نے… سب رے مار دیئے، سب بھسم کر دیئے، کتوں نے کھوپڑیاں پھاڑ دیں ہماری دیکھو یہ دیکھو۔‘‘ اس نے سر جھکا دیا، اس کا سر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا اور پھر وہ اوندھے منہ چبوترے پر گر گیا، اس کے بدن سے دُھواں اُٹھنے لگا، فضا میں گوشت کی چراند پھیل گئی تھی، دُھویں نے ان عورتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور میں بدبو اور دُھویں سے گھبرا کر کئی گز پیچھے ہٹ گیا۔ آنکھیں اور ناک بند کر لینے پڑے تھے، پھر ناک بند کرنے سے دم گھٹا تو ہاتھ ہٹا لیا مگر چبوترہ خالی پڑا تھا، نہ عورتیں تھیں نہ بچہ، نہ لاکھو اور نہ ہی چراغ… تاریکی میں لپٹا بڑ کا درخت بھیانک سنّاٹے میں تنہا کھڑا تھا…! یہ منظر بہتوں کی جان لے سکتا تھا، ہو سکتا ہے یہ خبیث رُوحیں اکثر لوگوں کو نظر آتی ہوں۔ ٹھنڈی سانس لے کر وہاں سے آگے بڑھ گیا۔ میدان عبور کر کے جب بائیں طرف مڑا تو پرانی طرز کی حویلی نظر آ گئی۔ یقیناً دھونی بستی کی سب سے بڑی عمارت تھی۔ حویلی کے دروازے پر روشنی نظر آ رہی تھی لیکن پوری حویلی پر خاموشی طاری تھی، میں آگے بڑھ کر حویلی کے بڑے دروازے پر پہنچ گیا۔ ’’کوئی ہے بھائی میاں… کوئی ہے۔‘‘ میں نے آواز لگائی لیکن کوئی جواب نہیں ملا، تیسری آواز پر کچھ آہٹیں سُنائی دیں اور پھر گیٹ کی ذیلی کھڑکی کھل گئی۔ سفید موٹے کھیس میں لپٹے ہوئے ایک شخص نے ہاتھ میں پکڑی ہوئی لالٹین اُونچی کر کے میرا چہرہ دیکھنے کی کوشش کی پھر ناخوشگوار لہجے میں کہا۔
‎’’کون ہو بھیا تم…؟‘‘
‎’’یہ بنسی راج کی حویلی ہے؟‘‘
‎’’نا تمہاری ہے… لے جائو اُٹھا کر… ارے تم ہو کون۔‘‘ چڑچڑے آدمی نے پوچھا۔
‎’’مجھے بنسی راج سے ملنا ہے۔‘‘
‎’’کیوں ملنا ہے؟‘‘
‎’’بلایا ہے انہوں نے مجھے۔‘‘
‎’’آدھی رات کو بلایا ہے، جھوٹ بولو ہو۔‘‘
‎’’اگر وہ حویلی میں موجود ہیں تو انہیں خبر دے دو کہ جسے انہوں نے بلایا تھا، وہ آیا ہے۔‘‘
‎’’آئو۔‘‘ اس نے کہا اور میں اندر داخل ہوگیا۔ اتنی رات تو نہیں ہوئی ہے کہ یہاں یہ سنّاٹا قائم ہو جائے مگر ظاہر ہے چھوٹی آبادی ہے اور پھر حویلی کی فضاء میں خوف و ہراس چھایا ہوا ہے، سب لوگ کونوں کھدروں میں گھسے ہوئے ہوں گے۔ یہ شخص غالباً چوکیدار تھا اور خود بھی سوتے سے اُٹھ کر آیا تھا اسی لیے بگڑا ہوا تھا۔ بڑے گیٹ سے حویلی کے اصل رہائشی علاقے کا فاصلہ اچھا خاصا تھا، چوکیدار میرے آگے آگے چلتا رہا۔ سامنے کی سمت سے جانے کی بجائے اس نے بغلی سمت اختیار کی۔ غالباً مختصر راستے سے لے جا رہا تھا۔ میرا اندازہ دُرست نکلا اور وہ چند سیڑھیاں چڑھ کر اندر ایک غلام گردش میں داخل ہوگیا۔ نیم تاریک راستے پر وہ آگے بڑھتا رہا، کئی موڑ مڑے آگے بالکل اندھیرا تھا اگر اس کے ہاتھ میں لالٹین نہ ہوتی تو آگے بڑھنا مشکل ہو جاتا۔
‎’’تم مجھے بنسی راج کے پاس لے جا رہے ہو یا پوری حویلی گھما رہے ہو۔‘‘
‎’’پوری حویلی تو تم ساری رات میں نہ گھوم سکو گے مہاراج۔‘‘ چوکیدار نے عجیب سے لہجے میں ہنستے ہوئے کہا۔ ’’اور کتنا چلنا ہے؟‘‘
‎’’آئو…!‘‘ اس نے ایک جگہ رُک کر کہا۔ کچھ نظر نہیں آ رہا تھا اس نے لالٹین نیچے رکھی اور شاید کوئی دروازہ کھولنے لگا پھر دوبارہ لالٹین اُٹھا کر بولا۔ ’’آئو اندر چل کر بیٹھو… مہاراج کو خبر کر دوں۔‘‘
‎’’لعنت ہے۔‘‘ میں نے کہا اور دروازے کو ٹٹول کر اندر داخل ہوگیا۔ ’’یہاں روشنی نہیں ہے۔‘‘ میرے منہ سے نکلا۔ مگر اس کے ساتھ ہی اگلا پائوں خلاء میں لہرایا ایک دم توازن بگڑ گیا، سنبھلنے کی کوشش کی لیکن نہ سنبھل سکا اور دُوسرے لمحے میرا بدن خلاء میں نیچے جا رہا تھا، میں نے بے اختیار دونوں طرف ہاتھ مارے مگر پکڑنے کے لیے کچھ نہیں تھا، میں کسی گہرے کنویں میں گر رہا تھا۔
‎چند لمحات کے لئے سوچنے سمجھنے کی قوتیں سلب ہو گئیں، کلیجہ حلق میں آ گیا۔ اسی احساس کا شکار تھا کہ اتنی گہرائی میں گروں گا تو جسم کا کیا حشر ہو گا۔ گہرائیاں ختم ہوئیں مگر آخری لمحات میں جیسے بدن ٹھہر گیا، پائوں سیدھے ہو گئے اور پھر پیروں کے نیچے زمین محسوس ہوئی، گویا دبائو نہیں پڑا تھا، بدن ساکت ہو گیا تھا لیکن گھور تاریکی تھی، کچھ نظر نہیں آ رہا تھا، یہ کیفیت بھی کچھ لمحات رہی پھر آہستہ آہستہ اجالا سا ابھرنے لگا، آس پاس نظر آنے لگا، یہ کنواں تو نہیں تھا۔ اچھی خاصی وسیع و عریض جگہ تھی، گھسے ہوئے گول پتھر چاروں طرف بکھرے ہوئے تھے، میں بھی ایک بڑے پتھر پر کھڑا ہوا تھا البتہ اوپر کچھ نہیں نظر آ رہا تھا، آسمان کا احساس بھی نہیں ہوتا تھا، کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کیا کروں۔ کیا تھا یہ سب… چوکیدار کون تھا۔ بدن کو جنبش دی، پائوں آگے بڑھائے اور انہیں پتھروں پر جماتا ہوا آگے بڑھا۔ کوئی تیس چالیس قدم نکل آیا، اب چاروں طرف مدھم سی روشنی پھیل گئی تھی۔ یہ روشنی نہ تو تاروں کی چھائوں تھی، نہ کسی مصنوعی شے سے پیدا ہوئی تھی بس آنکھوں کو نظر آ رہا تھا لیکن آس پاس کچھ بھی نہیں تھا۔ پھر اچانک عقب سے کسی کے پتھروں پر چلنے کی آواز آئی اور میں چونک کر پلٹ پڑا۔ ایک انسانی جسم تھا لباس سے بے نیاز سیاہی مائل… میری طرف آ رہا تھا۔ میں اسے دیکھتا رہا۔ جب وہ قریب آیا تو دل پر ہلکا سا اثر پڑا۔ سب کچھ مکمل تھا مگر چہرے پر کچھ نہیں تھا۔ ناک، نہ آنکھیں، نہ ہونٹ۔ بس بے خدوخال کا ایک گول سا چہرہ نظر آ رہا تھا۔ مجھ سے کچھ فاصلے پر وہ رک گیا۔
‎’’کون ہو…؟‘‘ میں نے پوچھا۔
‎’’ماما ہیں توہار… تے کون رہے؟‘‘ آواز آئی۔
‎’’بھانجا ہوں تمہارا۔‘‘ میں بے اختیار مسکرا پڑا۔ ویسے یہ آواز اس چوکیدار کی بھی نہیں تھی جس نے مجھے فریب دے کر یہاں پہنچایا تھا۔
‎’’ٹھٹھول کرے ہے میاں جی۔ ہمکا جانت ناہے تے… سارا ٹھٹھول نکال دئی ہے۔ ہاں… منتر پڑھویں آئے رہے۔ پڑھ منتر۔ ہم او دیکھیں تورے منترو…!‘‘
‎’’ہیرا ہو تم…؟‘‘ میں نے پوچھا۔
‎’’بھٹی میں گیا ہیرا۔ تے حویلی ماں کاہے آئے رہے۔ ادھر توہار کام نا ہوئی ہے۔ ہم کہہ دیت۔ ارے اس پاپی کے لئے گرے ہے تے جس نے ہمرا کا ترسا دئی ہے۔ سب کے سب بدلہ لیں گے اس سے ہاں…!‘‘
‎’’تم کون ہو… مجھے بتائو؟‘‘ میں نے کہا اور چند قدم آگے بڑھا کر اس کے پاس پہنچ گیا لیکن اچانک ہوا کا ایک جھونکا سا آیا اور میں نے اس کے سیاہ جسم کو بکھر کر زمین پر گرتے ہوئے دیکھا۔ گول چکنے پتھروں پر جلے ہوئے کوئلے کی راکھ بکھری نظر آ رہی تھی۔
‎’’تو کا کچھ بتانے کی جرورت نا رہے ہمکا… تے اپنی سنبھال۔‘‘ دوسری طرف سے آواز آئی۔ میرے منہ سے ہلکی سی آواز نکل گئی۔ وہ دوسری طرف اسی طرح کھڑا ہوا تھا۔
‎’’مجھے یہاں کیوں لائے ہو؟‘‘ میں نے سنبھل کر پوچھا۔
‎’’حویلی ماں بہت سارے رہے ہیں۔ تے ادھر اپنا چکر نا ہی چلائی سکت…!‘‘
‎’’یہ کونسی جگہ ہے؟‘‘ میں نے پھر قدم آگے بڑھائے اور ہوا کے ساتھ پھر اس کی راکھ بکھر گئی مگر اس کی آواز تیسری سمت سے سنائی دی تھی۔
‎’’توہار ماما کی سسرال… تے اب جیتے جی یہاں سے ناں نکل سکت…!‘‘
‎میرا چہرہ اسی طرف گھوم گیا، وہ موجود تھا۔
‎’’تو مار دو مجھے…!‘‘ میں نے کہا۔
‎’’ارے ہم کاہے ماریں سسر، بھوک پیاس سے کھود ہی مر جئی ہے۔‘‘ اس نے کہا۔
‎’’پھر تم یہاں کیوںآئے ہو؟‘‘
‎’’توہار باپ کی مڑھیار ہے نا… جو ہمکا آنے کو منع کرت ہے۔ ابھی بٹوا سب پتہ چل جئی ہے جب ناگ پھنکاریں گے۔ بچھوا ناچیں گے توہار چاروں طرف…!‘‘
‎’’ہوں…میں نے تمہیں پہچان لیا۔ سنا تھا تمہارے بارے میں آج دیکھ بھی لیا، بتائوں تم کون ہو…؟‘‘
‎’’جارے… بتئی ہے… ہونہہ۔‘‘ اس نے حقارت سے کہا۔
‎’’چھلاوے ہو۔‘‘ میں نے کہا اور دفعتاً ہی ہوا کا جانا پہچانا جھونکا مجھے محسوس ہوا مگر اس بار اس جگہ اس کی راکھ نہیں بکھری تھی بلکہ وہ غائب ہو گیا تھا۔ چوتھی بار اس کی آواز کہیں سے نہ سنائی دی۔ یہ خیال میرے ذہن میں ایسے ہی نہیں آ گیا تھا، بہت پرانی بات تھی۔ اس وقت کی جب میرے ساتھ یہ سب کچھ نہیں ہوا تھا۔ میں معصوم تھا لیکن سمجھدار تھا اور کہانیوں سے دلچسپی رکھتا تھا۔ کسی بزرگ نے ایک چھلاوے کی کہانی سنائی تھی اور بتایا تھا کہ وہ کیا ہوتا ہے اور کیسا ہوتا ہے۔ وہی کہانی یاد آ گئی تھی اور میں نے اسے چھلاوا کہا تھا۔ یہ بھی سنا تھا میں نے اس کہانی میں کہ اگر چھلاوے کو پہچان لیا جائے تو وہ غائب ہو جاتا ہے اور پھر نظر نہیں آتا اور اس وقت یہ سب کچھ بالکل سچ ثابت ہوا تھا۔ وہ سو فیصد چھلاوا ہی تھا مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اب میں کیا کروں۔ کیا اس کے الفاظ یہ بتاتے تھے کہ حویلی میں باقاعدہ بری ارواح کا بسیرا ہے اور زیادہ تر لوگ بنسی راج کے ستائے ہوئے ہیں۔ اب یہ تو سوچ نہیں سکتا تھا کہ میں ایک ایسے ظالم آدمی کو نظرانداز کر دوں جس نے بہت سوں پر مظالم کئے ہیں اور اب ان کی سزا بھگت ر ہا ہے کیونکہ مجھے ہدایت مل چکی تھی۔ بعض معاملات میں برا انسان بھی کسی کی وجہ سے کسی طرح بچ جاتا ہے۔ اس کے تین بیٹوں کی تقدیر میں یہی لکھا ہوا تھا، باقی میں نہیں جانتا تھا کہ آگے مجھے کیا کرنا ہے۔ میں نے وہاں سے قدم آگے بڑھا دیئے۔ یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ اس جگہ کی وسعت کتنی ہے۔ پتھروں پر سے گزرتا ہوا میں آگے بڑھتا رہا اور ایک بار پھر مجھے کچھ آوازیں سنائی دیں۔ ذرا سی گہرائی نظر آئی تھی اور میں نے کنارے سے اس سمت دیکھا تھا۔ وہی خاندان موجود تھا جس سے میں بڑ کے درخت کے نیچے مل چکا تھا۔ لڑکے نے آنکھیں کھول کر میری طرف دیکھا اور لاکھو سے بولا۔
‎’’بپو ارتھی چاہئے، سیندور چاہئے، گھی چاہئے، لکڑیاں جلا دو بپو، بھوک لگ رہی ہے۔‘‘
‎لاکھو نے ویسے ہی گردن اٹھائی، ادھر ادھر دیکھا اور پھر جھڑک کر لڑکے سے بولا۔ ’’ارے چپ کر جا انجائی، بھوک لگ رہی ہے، ارتھی چاہئے۔ ارے ہم سب کو نا دیکھ رہا کا، ہمارے پاس کا رہے؟‘‘
‎’’بپو، بھوکا ہوں۔‘‘ لڑکا بولا۔
‎’’تو پھر ادھر دیکھ… وہ کھڑا ہے اسے کھا لے، اسی کو کھا لے، میں کا کروں۔‘‘ لاکھو نے کہا اور لڑکے نے بھاڑ سا منہ کھول دیا۔ عجیب و غریب منظر تھا یہ بھی۔ لڑکے کا سر بہت بڑا تھا، بدن سوکھا ہوا تھا اور اتنا سوکھا ہوا تھا کہ یقین نہ آئے۔ سر اسی مناسبت سے بڑا تھا۔ اس نے گول گول آنکھوں سے مجھے دیکھا اور منہ کھول دیا۔ اتنا بڑا منہ، اتنا بڑا کہ ایک اچھی خاصی گیند اس کے منہ میں چلی جائے۔ چہرے پر انتہائی خوفناک تاثرات لئے وہ اپنے سوکھے سوکھے قدموں سے چلتا ہوا میری جانب بڑھا۔ شاید انہیں توقع ہو کہ میرے حلق سے اب دلخراش چیخ بلند ہو گی اور میں پلٹ کر بھاگ نکلوں گا لیکن میں اسے دیکھتا رہا۔ لڑکا آہستہ آہستہ آگے بڑھا اور میرے قریب پہنچ گیا۔ میں نے دونوں ہاتھ پھیلائے اور کہا۔
‎’’آئو آئو آگے آئو، کھا لو مجھے۔‘‘ ہوا کا بالکل ویسا ہی جھونکا محسوس ہوا اور لڑکا میری نگاہوں کے سامنے سے غائب ہو گیا۔ اب میرے چاروں طرف کچھ بھی نہیں تھا۔ یہ سب دہشت سے مار دینے والے کھیل ہو رہے تھے۔ میں اس بارے میں کچھ نہیں جانتا تھا لیکن یہ محسوس کر رہا تھا کہ یہ سب بیکار سی باتیں ہیں۔ مجھے جو عمل کرنا ہے اس کے لئے وقت ضائع کرنا مناسب نہیں تھا اور اب میں جہاں بھی آ پھنسا ہوں مجھے یہاں سے نکل جانا چاہئے۔ ایک ہی ذریعہ تھا میرے پاس۔ حقیقت یہ ہے کہ بڑا اعتماد تھا مجھے اپنے اس ذریعے پر، انسانی فطرت کے تحت کسی بھی غیرمتوقع بات پر ایک لمحے کے لئے بدن میں ہلکی سی کپکپاہٹ بے شک دوڑ جاتی تھی لیکن اس کے بعد وہ اعتماد بحال ہو جاتا تھا جو مجھے عطا کیا گیا تھا۔ میں نے شانے سے کمبل اتارا اور اسے اپنے گرد لپیٹ کر اپنا چہرہ اس میں چھپا لیا اور میرا خیال بالکل درست ثابت ہوا۔ چند لمحات اسی طرح گزرے اس کے بعد میں نے کمبل چہرے سے ہٹایا اور منظر بدلا ہوا دیکھا۔ حویلی کے بڑے دروازے کے قریب کھڑا ہوا تھا۔ دروازے کا آدھا پٹ کھلا ہوا تھا اور وہ پراسرار جگہ جہاں چوکیدار نے مجھے پہنچا دیا تھا، نگاہوں سے اوجھل ہو چکی تھی۔
‎میں اس شان کریمی کے قربان ہونے لگا۔ مجھے جو اعتماد بخشا گیا تھا، وہ ناقابل تسخیر تھا۔ بڑے اعتماد کے ساتھ قدم آگے بڑھائے اور حویلی کے کھلے ہوئے دروازے سے اندر داخل ہو گیا۔ چھلاوے اور ارواح خبیثہ اپنی کوششوں میں ناکام ہو چکی تھیں اور مجھے اس سمت روانہ کر دیا گیا تھا جہاں آنا تھا۔
‎حویلی کی راہداریاں سنسان پڑی ہوئی تھیں، بے شک مجھے کسی رہنما کی ضرورت تھی جو مجھے بنسی راج تک پہنچا دے لیکن شاید یہاں کے لوگوں پر بھی خوف و ہراس طاری تھا۔ جیسا کہ اس چھلاوے نے مجھے بتایا کہ یہاں وہ اکیلا نہیں رہتا، بہت سے رہتے ہیں۔ اس لحاظ سے حویلی میں رہنے والوں کا خون ویسے ہی خشک ہوتا رہتا ہوگا۔ یہی بڑی بات ہے کہ وہ اب بھی اس حویلی میں موجود تھے۔ غرض یہ کہ میں اپنی دھن میں آگے بڑھتا رہا اور پھر ایک ایسے کمرے کے قریب پہنچ گیا جہاں روشنی جھلک رہی تھی۔
‎گو یہ سب کچھ ایک غیرمناسب عمل تھا لیکن میں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا تھا۔ میں نے تو باقاعدہ چوکیدار کے ذریعے یہاں آنے کی کوشش کی تھی۔ اب چوکیدار کی جگہ کون تھا، مجھے معلوم تھا۔
‎روشن کمرے کے دروازے کے سامنے رک کر میں نے دستک دی۔ اندر بے شک روشنی تھی لیکن کوئی آواز نہیں سنائی دی۔ دوسری بار اور تیسری بار دستک دی تو اندر سے ڈری ڈری آوازیں سنائی دینے لگیں۔ پھر کسی نے انتہائی ہمت کر کے بھرائے ہوئے لہجے میں کہا۔
‎’’کک …کون ہے، کون ہے؟‘‘ آواز اس قدر ڈری اور سہمی ہوئی تھی کہ ایک لمحے کے لئے تو سمجھ میں بھی نہیں آئی کہ کسی مرد کی ہے یا عورت کی۔ لیکن میں نے پھر دستک دی اور آواز سنائی دی۔
‎ارے کون ہے، کون ہے؟‘‘ اور اس بار میں نے اس آواز کو پہچان لیا تھا۔ بنسی راج ہی تھا جس کا دم نکلا جا رہا تھا۔ میں نے صاف لہجے میں کہا۔ ’’دروازہ کھولو بنسی راج مہاراج۔ میں مسعود ہوں۔‘‘
‎’’کک …کون بھائی۔ کون؟‘‘
‎’’مسعود۔ جس کے پاس تم مولوی حمیداللہ کے گھر ملنے گئے تھے۔‘‘ میرے ان الفاظ نے غالباً بنسی راج کے دل سے خوف دور کر دیا بلکہ کچھ زیادہ ہی دور کر دیا۔ ہلکی سی گرنے کی آواز سنائی دی۔ یوں محسوس ہوا جیسے بنسی راج اپنی جگہ سے اٹھ کر بھاگا ہو اور کسی چیز سے ٹکرا کر گر پڑا ہو۔ پھر دروازے پر آہٹیں سنائی دیں اور ساتھ ہی کسی عورت کی ڈری ڈری آواز۔ ’’ارے دیکھ تو لو، گردن نکال کر دیکھنا، پھر دروازہ کھولنا۔‘‘ یقیناً بنسی راج کی دھرم پتنی ہو گی۔ بنسی راج نے تھوڑی سی جھری کی اور مجھے دیکھنے لگا۔ میں نے آہستہ سے کہا۔
‎’’بنسی راج میں ہی ہوں۔ میں نے تم سے تمہاری حویلی آنے کا وعدہ کیا تھا نا؟‘‘
‎’’ہاں، مہاراج۔ آ جایئے۔‘‘ بنسی راج نے کہا اور پورا دروازہ کھول دیا۔ بڑی سی مسہری کے ایک گوشے میں سفید ساڑھی میں ملبوس ایک عورت سکڑی سمٹی بیٹھی ہوئی تھی۔ اس کے چہرے پر خوف و دہشت کے آثار منجمد تھے اور آنکھوں سے انتہائی ہراس ٹپک رہا تھا۔ بنسی راج نے تیز روشنی جلا دی اور عورت آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر مجھے دیکھنے لگی۔ میں نے آنکھیں بند کر کے گردن خم کرتے ہوئے کہا۔ ’’معافی چاہتا ہوں اس وقت آنے کی لیکن یہی وقت میرے لئے مناسب تھا۔‘‘
‎’’ارے مہاراج پدھاریئے، پدھاریئے، بھگوان کی سوگند آپ کے بارے میں نہ جانے کیا کیا سوچتا رہا ہوں۔ میں نے پورا دن انتظار کیا، اب تک انتظار کرتا رہا ہوں میں، من ٹوٹ گیا تھا اور میں اپنی دھرم پتنی سے یہ کہہ رہا تھا کہ شاید بھگوان نے ہماری تقدیر میں کوئی اچھائی نہیں لکھی ہے ورنہ مہاراج مسعود ضرور آ جاتے۔‘‘ بنسی راج نے مخصوص بناوٹ کی ایک قیمتی کرسی اٹھا کر میرے سامنے رکھ دی اور میں بیٹھ گیا۔ ’’یہ میری دھرم پتنی چندراوتی ہے، مہاراج یہ بہت دکھی ہے، یہ تین بیٹوں کا دکھ بھوگ رہی ہے۔‘‘
‎’’برا مت ماننا بنسی راج تم نے بھی تو بہت سی مائوں کو ان کے بیٹوں کا دکھ دیا ہے، کرنی کا پھل تو ملتا ہی ہے۔‘‘
‎’’نا مہاراج نا۔ ایسا مت کہو۔ بڑی آس لگا رکھی ہے ہم نے۔ ارے انیائے میں نے کیا ہے۔ بھگوان کی سوگند کوڑھی ہو جائوں، سانپ بچھو لپٹ جائیں میرے شریر سے، آنکھیں بہہ جائیں پانی بن کر جو بھی سزا ملے، مجھے مل جائے۔ بھگوان میرے بیٹوں اور بیٹیوں کو بچا لے۔ سمے لوٹ آئے اور میں اپنے سارے پاپوں کا پرائشچت کرلوں۔ کچھ ایسا ہو جائے مہاراج۔ وہ بچ جائیں بس۔ اب کوئی اور دکھ مجھ سے نہ سہا جائے گا۔‘‘ وہ بلک بلک کر رونے لگا۔ ایسا کرب تھا اس کی آواز میں کہ میں کانپ کر رہ گیا۔ یہ پچھتاوا تھا، احساس تھا، ندامت بھی۔ اب کچھ اور کہنا میرے لئے مناسب نہیں تھا۔
‎’’میں نے تم سے وعدہ کیا تھا بنسی راج۔ پورا کرنے آ گیا، دل چھوٹا نہ کرو، اللہ مالک ہے، میں کوشش کروں گا!‘‘
‎’’بڑی دیا ہو گی مہاراج۔ بڑی دیا ہوگی۔‘‘
‎’’چلتا ہوں۔‘‘
‎’’حویلی میں رک جائو بھگوان۔ ہمیں ڈھارس ہو جائے گی۔‘‘ بنسی راج نے ہاتھ جوڑ کر کہا۔
‎’’پھر آئوں گا بنسی راج۔ ضرورت پڑنے پر پھر آئوں گا۔‘‘ میں اٹھ گیا۔ بنسی راج مجھے حویلی کے باہر تک چھوڑنے آیا تھا۔ میری منت سماجت کرتا رہا تھا۔ میں اسے دلاسے دے کر آگے بڑھ گیا۔ مسجد تک واپسی میں کوئی واقعہ نہیں پیش آیا۔ حجرے میں تاریکی تھی۔ میں درخت کے نیچے اپنے ٹھکانے پر آ گیا۔ اس مختصر وقت میں ہی بڑے انوکھے واقعات پیش آئے تھے۔ بے شک وہ ارواح خبیثہ تھیں لیکن ان کے ساتھ بھی ظلم ہوا تھا۔ ان سب نے بنسی راج کی حویلی میں بسیرا کر لیا تھا اور وہ اپنا انتقام لینا چاہتی تھیں۔ مجھے کیا کرنا چاہئے۔ میں کیا کر سکتا ہوں۔ واضح اشارہ مل چکا تھا کہ میں بنسی راج کی مدد کروں لیکن ان ارواح خبیثہ کے ساتھ مجھے کیا کرنا چاہئے، یہ میرے علم میں نہیں تھا۔ نیند آنکھوں سے دور ہو گئی تھی۔ اتنا اندازہ ہو گیا تھا کہ بنسی راج کے ہاتھوں چوٹ کھائے آسیب میری طرف سے ہوشیار ہو گئے تھے جس کا ثبوت مجھے حویلی میں داخل ہوتے ہی مل گیا تھا۔ بہت دیر تک بیٹھا سوچتا رہا پھر نماز پڑھنے کو دل چاہا، یوں بھی تہجد کا وقت تھا۔ اپنی جگہ سے اٹھ کر صحن مسجد میں آیا، وضو کیا اور عبادت کرنے لگا۔ دل کو ناقابل بیان سکون ملا تھا۔ سلام پھیرا تو ایک اور تہجد گزار پر نظر پڑی۔ ادھیڑ عمر شخص تھا۔ میری دائیں سمت بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے بھی سلام پھیرتے ہوئے مجھے دیکھا اور نماز سے فارغ ہو کر مجھے سلام کیا، میں نے احترام سے اسے جواب دیا۔
‎’’موسم خوشگوار ہے۔‘‘ اس نے کہا۔
‎’’بے شک۔ رحمت الٰہی سے منور۔‘‘ میں نے جواب دیا۔
‎’’کلام الٰہی کا ایک ایک حرف کائنات کی عبادت کرتا ہے، جہاں اس کا ورد ہو وہاں رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ گو امراض مختلف ہوتے ہیں اور جب دل بے چین ہو اور دماغ فیصلہ نہ کر پائے تو گیارہ بار درود پاک پڑھ لیا کرو اور آنکھیں بند کر کے رہنمائی طلب کر لیا کرو اور اتنا ہی کافی ہے ہر مرض کے علاج کے لئے، یہ سب کچھ کبھی نہ سمجھ پائو گے لیکن بہت کچھ ہے اتنا کچھ کہ مشکل کم اور حل زیادہ اور اس وقت جو فیصلہ ہو اس پر غور نہ کرو کیونکہ دماغ کی کیا مجال کہ ان وسعتوں کے تصور کو بھی پا لے۔ اچھا سپرد رحمت۔ السلام و علیکم۔‘‘ وہ صاحب اٹھے اور صحن مسجد کے باہر جانے والی سیڑھیوں کی طرف بڑھ گئے۔ میرے منہ سے بلند آواز میں سلام کا جواب نکلا تھا اور بس یوں لگا جیسے خواب سے آنکھ کھل گئی ہو۔ پھر ایسا محسوس ہوا جیسے کائنات کے خزانے سامنے بکھر گئے ہوں۔ ہر شے جواہرات کی طرح جگمگانے لگی۔ اتنی خوشی ہو رہی تھی کہ الفاظ کی گرفت میں نہیں لا سکتا۔ وہاں سے اٹھ آیا۔ درخت کے سائے سے الگ ہو کر زمین پر دوزانو بیٹھا اور درود شریف پڑھنے لگا۔ دماغ نے تصور دیا۔ گناہ کو تائید شیطانی حاصل ہے اور شیطان کو شیطنیت کی قوت حاصل ہے۔ اسے لاحول سے بھگایا جا سکتا ہے لیکن اس کی ذریات کا خاتمہ عمل سے گزر کر ہوتا ہے اور عمل یہ ہے کہ اس کفر زادے کو اہل خاندان کے ساتھ نکال کر دریا پار کرا دیا جائے اور دریا پار اس کا گھر ہے یہاں اس عمل کا اختتام ہو چکا ہے لیکن کسی کو نہ چھوڑا جائے۔ کھٹاک کی آواز ہوئی اور جیسے ایک روشن خانہ بند ہو گیا بالکل ویسے ہی جیسے بجلی کا بلب بجھا دیا جائے لیکن مجھے رہنمائی مل گئی تھی اس سے زیادہ وضاحت اور کیا ہوتی۔ ایک ناواقف کو جس طرح نوازا گیا تھا اس کے لئے سجدہ شکر کے سوا اور کیا ہو سکتا تھا اور سجدے کر کے جی نہ بھرا یہاں تک کہ مولوی حمیداللہ آ گئے۔
‎’’فجر کا وقت ہو گیا ہے مسعود میاں۔‘‘ انہوں نے شفقت بھرے لہجے میں کہا۔ میں اٹھ گیا۔ ’’سبحان اللہ۔ اللہ تعالیٰ جوانی کی اس عبادت کو قبول فرمائے۔ میاں نماز کے بعد باتیں ہوں گی۔ اذان کہہ دوں، وقت ہو گیا ہے۔‘‘ وہ مسجد کے مینار کی طرف چل پڑے۔ میں اس طرح تازہ
‎دم تھا جیسے جی بھر کے سویا ہوں۔ خمار کا نشان بھی نہ تھا۔ اذان ہوئی، نمازی آئے۔ مجھ سے بہت محبت سے ملے پھر فراغت ہو گئی۔ مولوی صاحب چائے لے آئے، مجھے پیش کی اور خود بھی لے کر بیٹھ گئے۔
‎’’رات کو بہت دیر تک جاگتا رہا تھا، کس وقت واپسی ہوئی؟‘‘
‎’’دیر ہو گئی تھی۔‘‘
‎’’حویلی مل گئی تھی؟‘‘
‎’’جی ہاں۔‘‘
‎’’اور بنسی راج لعل؟‘‘
‎’’وہ بھی مل گیا تھا۔‘‘
‎’’کچھ اندازہ لگایا؟‘‘
‎’’ہاں! حمیداللہ صاحب… ظالم انسان تھا۔ خود پر بیتی تو آنکھ کھلی مگر بہت نقصان اٹھا چکا ہے۔‘‘
‎’’اللہ رحم کرے۔ جو کیا ہے بھر رہا ہے؟‘‘
‎’’مشکل فلسفہ ہے حمیداللہ صاحب۔ کیا اس نے ہے لیکن بھگتنا اس کے تین بیٹوں کو پڑا۔‘‘
‎’’ہاں میاں، باپ کا گناہ اولاد کے سامنے آتا ہے۔‘‘
‎’’یہ غلط ہے۔‘‘ میں نے کہا۔
‎’’کیوں؟‘‘ حمیداللہ صاحب چونک کر بولے۔
‎’’عقل تسلیم نہیں کرتی۔‘‘
‎’’مگر سامنے کی بات ہے۔‘‘
‎’’ہمارے آپ کے سامنے کی بات، عقل اس کی نفی کرتی ہے۔‘‘
‎’’مجھے سمجھائو؟‘‘
‎’’میرے خیال میں گناہ کی سزا صرف گناہ گار کو ملتی ہے، اس گناہ گار کو جو اللہ کا مجرم ہوتا ہے اور اللہ سچا منصف ہے۔ جو دنیا سے گئے ان کی زندگی اتنی ہی تھی مگر مجرم کو اس وقت تک ان کی جدائی کا غم برداشت کرنا پڑے گا جب تک وہ زندہ ہے۔ میں نے کہا نا مشکل فلسفہ ہے، حتمی بات کہنا مشکل ہے۔ خدا ہی بہتر سمجھتا ہے۔‘‘
‎’’اس کہانی کے بارے میں کیا خیال ہے؟‘‘
‎’’کہانی تو سچ ہے۔‘‘
‎’’اور وہ اروح خبیثہ۔‘‘
‎’’حویلی ان سے بھری ہوئی ہے جو اس کے ہاتھوں نقصان اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے حویلی کو حصار میں لیا ہوا ہے۔‘‘
‎’’بالکل درست کہتے ہیں۔ کئی واقعات ہو چکے ہیں۔‘‘
‎’’کیسے؟‘‘
‎’’بنسی راج نے ہندوستان بھر سے سادھو، پنڈت اور جوگی بلائے۔ زروجواہر کے انبار لگا دیئے ان کے سامنے۔ ہر کوشش کی گئی مگر کچھ نہ ہوا بلکہ ان سب کو نقصان ہوئے۔ مہاشے درگا داس تو ابھی کچھ دن پہلے مرے ہیں۔‘‘
‎’’یہ کون تھے؟‘‘
‎’’گیانی دھیانی تھے۔ الہ آباد سے آئے تھے۔ حویلی میں جاپ کیا، تین بار اٹھا کر پھینکے گئے، چوٹیں لگیں، باز نہ آئے یہاں تک کہ پاگل ہو گئے۔ الہ آباد سے ان کے گھر والے انہیں لے گئے مگر دو مہینے کے بعد پھر واپس آ گئے۔ اس کے بعد کئی مہینے یہاں رہے۔ تھوڑے دن قبل لال تلیا میں ان کی لاش تیرتی ملی،اسی سرکٹے کا شکار ہو گئے تھے۔‘‘
‎’’اوہ افسوس ہے۔‘‘ میں نے کہا۔‘‘
‎’’ان شاء اللہ سب ٹھیک ہو جائے گا، کچھ کام کرنا پڑے گا۔‘‘
‎’’اللہ کامیاب کرے۔ امان میں رکھے۔‘‘ حمیداللہ صاحب خلوص سے بولے لیکن کچھ تشویش بھی تھی ان کے لہجے میں۔
‎دوپہر کو دوبارہ بنسی راج کی حویلی پہنچا۔ بنسی راج موجود تھا۔ راستے میں اچھا خاصا مجمع میرے ساتھ حویلی پر جا کر منتشر ہوا۔ بنسی راج نے ہاتھ جوڑ کر میرا استقبال کیا تھا۔
‎’’کہئے بنسی جی۔ سب خیریت رہی؟‘‘
‎’’نہیں مہاراج۔ رات تو بڑی دھماچوکڑی رہی۔‘‘
‎’’کیا؟‘‘ میں نے چونک کر پوچھا۔
‎’’بڑا اودھم مچا ہے رات کو۔ آگ کے گولے گرے حویلی پر۔ خوب شور مچا، کئی نوکر بھاگ گئے۔ میرے کمرے کا دروازہ اکھاڑ کر پھینک دیا گیا۔ چار فانوس توڑ دیئے گئے، چیخیں اور آوازیں سنائی دیں۔‘‘
‎’’ہوں۔ کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا۔‘‘
‎’’نہیں مہاراج مگر اب کچھ اور مشکلیں نظر آ رہی ہیں۔‘‘
‎’’کیا؟‘‘
‎’’نوکر تو اب کوئی نہیں ٹکے گا یہاں۔‘‘
‎’’آپ کے دونوں بیٹے کہاں ہیں؟‘‘
‎’’ونود اور راجیش یہیں ہیں۔ پہلے تو وہ نہیں ڈرتے تھے مگر اب پیلے پڑ گئے ہیں۔‘‘
‎’’بیٹیاں؟‘‘
‎’’وہ سسرال میں ہیں۔‘‘
‎’’کہاں؟‘‘
‎’’ایک دلی میں ہے، دوسری جے پور میں۔‘‘
‎’’انہیں تو کوئی نقصان نہیں پہنچا کبھی؟‘‘
‎’’نہیں۔ بھگوان کی دیا ہے۔‘‘
‎’’یہاں آس پاس کوئی ندی ہے؟‘‘
‎’’نیما ندی ہے۔ بڑی مشہور ہے۔‘‘
‎’’اس کے پار آپ کی کوئی حویلی ہے؟‘‘
‎’’سونا باغ ہے ہمارا، سونا باغ میں پورن نے حویلی بنائی تھی۔ اس کی موت کے بعد ہم وہاں نہیں گئے۔‘‘
‎’’پورن آپ کا بیٹا تھا؟‘‘
‎’’ہاں…‘‘ بنسی راج نے بھاری آواز میں کہا۔
‎’’ہمیں وہاں چلنا ہے۔‘‘
‎’’ہیں…کب؟‘‘
‎’’جو وقت بھی آپ بتائیں، جلد سے جلد۔‘‘
‎’’آپ حکم دیں مہاراج۔‘‘
‎’’تیاریاں کر لیں، آج ہی چلیں۔‘‘
‎’’نوکر کو کھتوریہ مانجھی کے پاس بھیجے دیتا ہوں نائو تیار کر لے۔ میری اپنی نائو ہے۔‘‘
‎’’بھیج دیں اور اپنے گھر والوں کو تیار کر لیں۔‘‘
‎’’کسے کسے لے چلنا ہے مہاراج؟‘‘
‎’’دونوں بیٹے، آپ کی بیوی اور بہن۔‘‘
‎’’ہرناوتی؟‘‘ بنسی راج چونک کر بولا۔
‎’’ہاں۔ اس کا جانا بھی ضروری ہے۔ آپ یہ ہدایت دے دیں اور پھر مجھے اس سے ملائیں۔‘‘
‎’’ٹھیک ہے مہاراج۔‘‘ بنسی راج نے کہا۔ مجھے وہیں انتظار کرنا پڑا۔ پھر بنسی راج مجھے لے کر ہرناوتی سے ملانے چل پڑا۔ حویلی کا یہ حصہ کھنڈر بنا ہوا تھا۔ ایک کمرے میں ہرناوتی موجود تھی۔ سفید ساڑھی میں ایک پاکیزہ چہرہ چمک رہا تھا۔ اس نے بڑے نرم لہجے میں کہا۔
‎’’یہ کون ہیں بھیا جی؟‘‘
‎’’میرے دوست ہیں ہرنا۔‘‘
‎’’لگتے تو نہیں ہیں۔‘‘ وہ بولی۔
‎’’ہمیں لینے آئے ہیں۔‘‘
‎’’کہاں لے جائیں گے؟‘‘ اس نے مجھے دیکھتے ہوئے کہا۔
‎’’سب جا رہے ہیں، تمہیں بھی چلنا ہے ہرناوتی۔‘‘ میں نے کہا۔
‎’’میری قید ختم ہو گئی؟‘‘
‎’’تو قید کہاں تھی ہرنا۔ میں ہی اندھا ہو گیا تھا، پاگل ہو گیا تھا مگر اب۔‘‘ بنسی راج نے سسک کر کہا۔
‎’’پرائی پیر جانو سو مانیں، لے چلو جہاں من چاہے، ہم اپنے ہیں ہی کب۔‘‘ اس نے اداسی سے کہا۔ بنسی راج نے نوکر کو کشتی کے انتظام کے لئے بھیج دیا تھا۔ اس کی واپسی کا انتظار تھا۔ میں ہرناوتی سے مل چکا تھا، کوئی خاص بات نہیں تھی، بس ملازم بہت دیر میں آیا۔
‎’’کھتوریہ ہریاپور گیا تھا مہاراج۔ دیر میں آیا اس کا انتظار کر رہا تھا۔‘‘
‎’’آ گیا؟‘‘
‎’’ہاں نائو تیار کر رہا ہے، کہتا ہے مہاراج گھاٹ آ جائیں، نیا تیار ملے گی۔‘‘
‎ملازم شام کو چھ بجے واپس آیا تھا۔ سورج ڈھل چکا تھا۔ ہم لوگ گھاٹ چل پڑے۔ وہاں تک پہنچتے پہنچتے سورج چھپ گیا۔ بنسی راج، اس کے دونوں بیٹے، بیوی اور ہرناوتی میرے ساتھ تھے۔ میری ہدایت پر کسی ملازم کو نہیں لیا گیا تھا۔ گھاٹ پر بڑی سی کشتی ڈول رہی تھی اسی پر بادبان باندھا گیا تھا۔ بنسی راج قریب آ گیا۔ اس نے ادھر ادھر دیکھا۔ ونود نے رسی کھینچ کر کشتی کو کنارے لگایا اور عورتوں کو سہارا دے کر کشتی پر اتار دیا گیا۔
‎’’یہ کھتوریہ کہاں مر گیا۔ ویسے ہی رات ہو گئی۔‘‘ اسی وقت کھتوریہ کھیس سنبھالے دوڑتا نظر آیا۔ ونود نے خود بھی کشتی میں بیٹھتے ہوئے اسے ڈانٹا۔
‎’’کہاں چلا گیا تھا رے تو۔ چل جلدی کھونٹا کھول دیر کر دی بے وقوف نے۔‘‘ کھتوریہ نے کھونٹا کھولا، رسی لپیٹ کر بادبان میں پھینکی اور خود کشتی میں کود کر بادبان کا رخ بدلنے لگا۔ کشتی پانی میں آگے بڑھنے لگی۔ کھتوریہ پتوار سنبھال کر کشتی کے دوسرے سرے پر جا بیٹھا تھا۔ کشتی بہائو پر چل پڑی۔ سب خاموش تھے۔ بہت دیر تک یہ خاموشی طاری رہی پھر بنسی راج بولا۔
‎’’سونا باغ سونے کا باغ کہلاتا ہے۔ کچھ بھی لگوا دو ایسی فصل ہوتی ہے وہاں کہ کہیں نہیں ہوتی۔ آم، ناریل اور پپیتا تو اتنا اگتا ہے کہ بس مگر اسے لگانے والا نہ رہا۔‘‘
‎’’پتا جی۔ ان باتوں کو یاد نہ کریں۔‘‘ راجیش نے کہا۔
‎’’جب سے پورن نے سنسار چھوڑا، میں آج اس باغ میں جا رہا ہوں۔‘‘ بنسی راج درد بھرے لہجے میں بولا اور اس کی معصوم پتنی سسکنے لگی۔
‎’’پتا جی۔‘‘ راجیش نے احتجاجی لہجے میں کہا۔
‎’’کیسے بھولوں اسے۔ کیسے بھول جائوں اپنے تین ہاتھیوں کو۔ وہیں جا رہا ہوں۔ ایک ایک چیز سے اس کی یادیں برستی ہیں۔‘‘
‎میں نے افسردہ نظروں سے سب کے چہرے دیکھے۔ آخر میں میری نظر ہرناوتی کی طرف اٹھی۔ وہ مسکرا رہی تھی۔ ایک پراسرار مسکراہٹ اس کے لبوں پر کھیل رہی تھی۔ اس کی آنکھیں عجیب سے انداز میں چمک رہی تھیں۔ وہ آہستہ سے بڑبڑائی۔
‎’’کون بھولتا ہے، کوئی نہیں بھولتا۔‘‘ آہستہ بولی تھی لیکن میں نے سن لیا تھا۔ نہ جانے کیوں راجیش کو غصہ آ گیا۔
‎’’آپ تو چپ ہی رہا کریں بوا جی۔ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہوا۔‘‘
‎’’راجیش چپ بیٹھ!‘‘ بنسی راج بولا۔
‎’’آپ نے سنا نہیں پتاجی، وہ کیا کہہ رہی ہیں۔‘‘
‎’’خاموش بیٹھ!‘‘ بنسی راج بولا اور راجیش منہ بنا کر بیٹھ گیا۔ ہرناوتی آہستہ آہستہ ہنس رہی تھی۔
‎’’اپنی چوٹ سب کو دکھتی ہے۔ دوسرے کو کون جانے۔‘‘ وہ پھر بولی۔ کھتوریہ بادبان کا رخ درست کر رہا تھا۔
‎’’یہ رخ کیوں بدل رہا ہے کھتوریہ۔ وہ سامنے تو ہے سونا باغ۔‘‘ ونود نے کھتوریہ سے کہا اور اس نے بدن سے لپٹا کھیس اتار دیا۔ ایک تو نیم تاریک ماحول تھا، دوسرے کھتوریہ نے چہرہ ڈھکا ہوا تھا اس لئے میں نے اس کی صورت نہیں دیکھی تھی، کھیس اتارنے سے اس کا چہرہ نظر آیا۔ کالاسیاہ چہرہ، خون کی طرح سرخ آنکھیں مگر یہ سیاہ چہرہ بالکل جلا ہوا معلوم ہو رہا تھا۔ میں نے کھتوریہ کو دیکھا بھی نہیں تھا۔ ہو سکتا ہے وہ ایسا ہی ہو لیکن اچانک پوری کشتی پر چیخیں گونجنے لگیں۔ بنسی راج کی بیوی نے چیخ کر اپنے دونوں بیٹوں کو سینے سے لپٹا لیا تھا۔ بنسی راج تھر تھر کانپ رہا تھا اور ہرناوتی کی ہنسی کی آواز بلند ہوتی جا رہی تھی۔ مجھے کسی گڑبڑ کا حساس ہوا۔ میری نظریں سب سے ہوتی ہوئی کھتوریہ پر آ گئیں۔ اس نے دونوں گال پھلائے ہوئے تھے اور منہ سے ہوا نکال رہا تھا۔ اس کی سرخ سرخ آنکھوں میں شیطانی چمک لہرا رہی تھی اور منہ سے اتنی تیز ہوا نکل رہی تھی کہ اس کا احساس اتنے فاصلے پر بھی ہو رہا تھا۔ میں نے غور کیا تو اندازہ ہوا کہ یہ ہوا بادبان میں بھرتی جا رہی ہے اور کشتی کی رفتار بھی تیز ہونے لگی ہے۔ صورتحال پوری طرح تو سمجھ میں نہیں آئی تھی لیکن کچھ کچھ اندازہ ہو رہا تھا۔
‎(جاری ہے)

تمام اردو کہانیاں پڑھنے کے لیے کلک کریں 

کالا جادو - پارٹ 24

Urdu stories online, Urdu stories for kids, Short Urdu stories, Urdu Kahaniyan, Famous Urdu stories, Urdu stories with moral, Best Urdu stories collection, Urdu stories for students, Urdu love stories, Urdu horror stories, Urdu stories for reading, Urdu stories in Urdu text, Funny Urdu stories, Urdu stories for beginners, Urdu detective stories, Urdu motivational stories, Urdu stories for adults, Urdu moral stories, Urdu stories for children, Urdu true stories, Urdu suspense stories, Urdu emotional stories, Urdu adventure stories,

hindi moral stories in urdu,سبق آموز کہانیاں, jin-ki-dushmni,good moral stories in urdu,Moral Stories,Urdu Stories,urdu kahani,اردو کہانی,قسط وار کہانیاں,