زرینـــہ اور شکیل کی شادی

سنو زرینہ شادی سے پہلے یہ بتانا فرض عین سمجھتا ہوں کہ تم مجھ سے رن مریدی کی توقع کبھی نہیں کرنا، میں صبح سو کر اٹھوں تو کپڑے استری کیے تیار ملنے چاہئیں،

Urdu Font Stories


ناشتے میں انڈا پراٹھا پابندی سے ڈائننگ ٹیبل پر ہونا چاہیے، جوتے روزانہ پالش کیے ہی پہنتا ہوں، شام آفس سے آؤں تو میرا کوٹ اپنے ہاتھوں سے اتارنا پھر میرے جوتے اتارکر مجھے لیمو پانی پلانا ہوگا، مجھے تازہ روٹی کھانے کی عادت ہے، کھانے میں مرچ کم کھاتا ہوں اور ہاں روزانہ سونے سے پہلے تمہیں سرسوں کے تیل سے میرے سر کی مالش بھی کرنی ہوگی، اگر تمہیں یہ سب قبول ہے تو میں شادی کے لئے تیار ہوں؛.


زرینہ نے شکیل کا طویل لیکچر بڑے غور سے سنا اور دوپٹہ سر پر لیکر سر نیچے کیے شرماتے ہوئے "قبول ہے، قبول ہے"
کہہ کر اپنی رضامندی کا اظہار کردیا.


شکیل میاں خوش ، ایک ماہ بعد شادی ہوئی، تین ماہ بعد زرینہ کا ہاتھ کام میں لگایا گیا تو شکیل میاں اپنے مطالبات پورا ہونے کے خواب دیکھتے سوگئے.
صبح اٹھ کر واش روم سے فریش ہوکر آئے تو دیکھا کہ کپڑے تو استری کیے رکھے ہیں لیکن پینٹ کا دایاں پائنچہ جل کر استری کی نذر ہوچکا ہے.
زرینہ یہ کیا کردیا تم نے تین ہزار کی پینٹ جلادی؛..
زرینہ جو کچن میں آٹا گوندھ رہی تھی، دوڑی ہوئی آئی اور معصومیت سے کہنے لگی.


سرتاج کیا کرتی، دودھ چولہے پر چڑھا تھا، دودھ بچانے گئی اسے تو بچالیا پر پینٹ دودھ پر قربان ہوگئی، آپ فکر نہ کریں میں دوسری پینٹ استری کردیتی ہوں ؛..
شکیل میاں بےبسی سے اپنی تین ہزار کی پینٹ کو دیکھتے رہ گئے، خاموشی سے دوسری پینٹ نکال کر خود استری کرنے لگے، زرینہ کی کچن سے آواز آئی.
سرتاج استری اسٹینڈ پر میرا سوٹ بھی پڑا ہے آپ وہ بھی استری کرکے مجھ غریب کی دعائیں لےلیجیے، میں اتنے میں آپ کے لیے پراٹھے تیار کرتی ہوں؛..
شکیل میاں جھنجھلائے تو بہت لیکن درگزر سے کام لیتے ہوئے زرینہ کی دعائیں لینے لگے، تیار ہوکر ڈائننگ ٹیبل پر آئے تو ٹیبل پر رکھے عجوبے کو دیکھ کر
حیرت سے پھدکنے لگے.
زرینہ میں پاکستانی پراٹھا انڈا کھاتا ہوں افریقی نہیں؛..

زرینہ سہم کر بولی.
سرتاج دراصل آپ کا خوف میری رگ رگ میں سمایا ہوا تھا تو وہ خوف اس انڈے پراٹھے میں بھی منتقل ہوگیا، پلیز اس باندی کو معاف کردیجیے؛..
شکیل میاں کے اندر کا مرد یہ سن کر خوش ہوگیا کہ چلو میری بیوی مجھ سے ڈرتی تو ہے نا، انڈا پراٹھے کا کیا ہے چلو میں ہی بنالیتا ہوں،
چلو کوئی بات نہیں آئندہ دھیان رکھنا؛..
یہ کہہ کر شکیل میاں خود کچن میں جاکر آٹا گوندھنے لگے زرینہ ہاتھ دھوکر سامنے ادب سے کھڑی ہوگئی.
سنیے عالیجاہ، مجھ کنیز کے لیے بھی بنادیجیے، آپ کی یہ کنیز احسان مند رہے گی؛..
شکیل میاں اپنے آپ کو مغل اعظم تصور کرتے ہوئے اپنے اور زرینہ کے لیے پراٹھے بنانے لگے، ناشتہ کرکے فارغ ہوئے تو جوتے نکالیں تو پھر چیخ نکل گئی.
زرینہ کم از کم پالش تو صحیح کردیتیں، براؤن شوز پر بلیک پالش کرکے جوتے پہننے لائق نہیں چھوڑے؛..


یہ کہہ کر زرینہ کی طرف دیکھا تو اس کی ٹانگیں خوف سے کپکپارہی تھیں، شکیل میاں کی مردانہ انا کو سکون مل گیا پھر خود جوتے پالش کرکے پہنے
اور آفس چلے گئے، آفس سے گھر آئے اور لاؤنج میں کھڑے زرینہ کو آواز دی.
زرینہ میں آگیا ہوں، کوٹ اتارو؛..
زرینہ جو آٹا گوندھ رہی تھی دوڑی دوڑی آئی اور کوٹ اپنے ہاتھوں سے اتار دیا، شکیل میاں پہلے تو مسکرائے پھر جب کوٹ دیکھا تو چلائے.
زرینہ کچھ تو عقل سے کام لیا کرو بغیر ہاتھ دھوئے کوٹ اتارکر آٹا کوٹ میں چپکادیا؛..
سرتاج مجھ کم عقل کی اتنی عقل کہاں، اب آپ ہیں نا مجھے عقل سکھانے والے، پلیز معافی دیدیں؛..
زرینہ کو یوں ہاتھ جوڑے دیکھ کر شکیل میاں کی مردانہ انا کو پھر سے تسکین ملی اور تنبیہ کرکے فریش ہونے چلے گئے، پندرہ منٹ بعد آواز لگائی.
زرینہ لیمو پانی لاؤ؛..
سرتاج بھول ہوگئی ابھی لائی؛..
زرینہ جو آلو گوشت کا سالن بنارہی تھی یہ کہہ کر ہڑبڑاتی ہوئی فریج کی طرف دوڑی اور لیمو پانی بڑے ادب سے شکیل میاں کو پکڑادیا.
زرینہ یہ لیمو پانی میں پکوان کہاں سے آگیا؟..


شکیل میاں نے یہ کہہ کر اپنی زرینہ کے ہاتھوں کو دیکھا تو سمجھ گئے کہ یہ پکوان لیمو پانی میں کیسے آیا، مزید ڈانٹے کا ارادہ ہی کیا تھا کہ زرینہ کی کپکپاہٹ دیکھ ان کے سینے میں ٹھنڈ پڑگئی ساتھ غصہ بھی ٹھنڈا ہوگیا، خود جاکر لیمو پانی بنانے لگے، زرینہ پیچھے کھڑی بولی.
میرے حضور آپ کا غصہ دیکھ کر مجھ کمزور کنیز کا دل بھی نہیں برداشت کرسکا، اس کی رفتار سلو ہورہی ہے پلیز ایک گلاس اپنی کنیز کے لیے بھی بنادیں؛..
شکیل میاں کی مردانہ عزت نفس آسمان کی بلندی پر پہنچ گئی، دو گلاس لیمو پانی بنایا ایک خود اور دوسرا زرینہ کو پلایا. رات آٹھ بجے کھانے کے لیے ڈائننگ ٹیبل پر آئے تو زرینہ نے ان کے سامنے گرما گرم روٹی سالن رکھ دیا، شکیل میاں روٹی سالن دیکھ کر کرسی چھوڑ کر چھ فٹ پیچھے ہٹ گئے.


زرینہ یہ روٹی ہے یا کشمیر کا نقشہ آدھا کچا آدھا پکا، اور یہ آلو گوشت کا سالن دیکھ کر کھانے کا نہیں بلکہ اس میں تیرنے کا دل کررہا ہے؛..
شکیل میاں کی دھاڑ سن کر زرینہ خوف سے کپکپانے لگی اور غش کھاکر وہیں کرسی پر لم لیٹ ہوگئی، شکیل میاں کا سارا غصہ یہ دیکھ کر ٹھنڈا ہوگیا
اور ان کے اندر کا مرد خوشی سے لنگی ڈانس کرنے لگا، پھر انہوں نے زرینہ کو پانی کے چھینٹے مارکر ہوش دلایا اور کچن میں جاکر انڈا آملیٹ اور گول روٹی
بنانے لگے اور ساتھ ساتھ زرینہ کو گول روٹی بنانے کے آداب بھی سکھانے لگے، ایک گھنٹے بعد زرینہ روٹی کھاتے اپنے سگھڑ سرتاج کے قصیدے پڑھنے لگی؛
جسے سن کر شکیل میاں مزید چوڑے ہوگئے، دو گھنٹے بعد رات کمرے میں جاکر بیڈ پر آلتی پالتی مارکر بیٹھ گئے.


زرینہ میرے سر کی مالش کردو؛..
زرینہ فوراً سرسوں کے تیل کی شیشی لے آئی اور آدھی شیشی سر پر انڈیل دی، شکیل میاں کے چہرے پر کڑوا تیل بہتا ہوا آیا تو چلائے.
زرینہ، میں نے مالش کرانی ہے کڑوے تیل سے نہانا نہیں، جلدی سے ہاتھوں سے سر رگڑو؛..
جو حکم میرے آقا؛؛
کہہ کر زرینہ پولے پولے ہاتھ سے مالش کرنے لگی.
شکیل میاں نے اس کے ہاتھ ہٹائے اور خود کسی ماہر مالشیے کی مانند اپنی مالش کرنے لگے.
سرتاج آپ تو ہرفن مولا ہیں، میں بہت نصیب والی ہوں جو آپ جیسا ہنرمند شوہر ملا، پلیز مجھے بھی یہ ہنر سکھادیجیے؛..
شکیل میاں کی مردانگی جھوم اٹھی اور پھر شکیل میاں نے زرینہ کے سر کی اتنی مہارت سے مالش کی کہ زرینہ مالش کراتے کراتے وہیں
نیند کی وادیوں میں چلی گئی. شکیل میاں اپنے ہنر کا اتنا بہترین رزلٹ دیکھ کر وہیں بیڈ پر دھمال ڈالنے لگے.

سولہ ہزار کا گدھا ۔ ایک مزاحیہ کہانی

بس جناب شکیل میاں کی شادی کو دو سال ہوچکے ان کی مردانہ انا کو یونہی روزانہ پابندی کے ساتھ تسکین ملتی آرہی ہے، اور زرینہ ان کی باندی بنی ایڑا بنی پیڑا کھارہی ہے. ماشاءاللہ سے اب ان کی ایک بیٹی بھی ہے، اور مزید ماشاءاللہ یہ کہ شکیل میاں بچہ سنبھالنے میں بھی خوب مہارت رکھتے ہیں -


واقعی شوہر ہو تو ایسا ہو...!!!

Urdu Stories Tags
Urdu stories online, Urdu stories for kids, Short Urdu stories, Urdu Kahaniyan, Famous Urdu stories, Urdu stories with moral, Best Urdu stories collection, Urdu stories for students, Urdu love stories, Urdu horror stories, Urdu stories for reading, Urdu stories in Urdu text, Funny Urdu stories, Urdu stories for beginners, Urdu detective stories, Urdu motivational stories, Urdu stories for adults, Urdu moral stories, Urdu stories for children, Urdu true stories, Urdu suspense stories, Urdu emotional stories, Urdu adventure stories, Urdu stories for school, Urdu stories for adults only, Urdu stories
گوگل پلس پر شئیر کریں

ہمارے بارے میں

دنیا کی سب سے بڑی اردو ویب سائٹ، اردو خبریں، اردو شاعری، اردو کہانیاں، اسلامی کہانیاں، اخلاقی کہانیاں، قسط وار کہانیاں، خوفناک کہانیاں، اردو ناول، ٹیکنالوجی، کاروبار، کھیل، صحت، اسلام، ادب، اسلامی نام، اسلامی مضامین۔ سبلائم گیٹ ایک بہترین ویب بلاگ ہے اور آپ یہاں اپنی من پسند تحریریں پڑھ سکتے ہیں
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 کمنٹس:

ایک تبصرہ شائع کریں